سپریم کورٹ(Supreme Court) نے بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے تمام مقدمات کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی صحت اور ملاقاتوں سے متعلق کیس کی سماعت میں عدالت عظمیٰ نے سابق وزیراعظم عمران خان پر قائم تمام مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت میں دوپہر 12 بجے تک وقفہ کر دیا۔
کیس کی سماعت جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں جسٹم نعیم افغان اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل تین رکنی بینچ کر رہا ہے۔
سماعت کے آغاز پر وکیل عزیر بھنڈاری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں اور کسی کو بھی ان کی صحت سے متعلق علم نہیں ہے۔
مزیدپڑھیں:گووندا اور سنیتا آہوجا کا تنازع، کشمیرا شاہ کی مبہم پوسٹ سامنے آگئی
وکیل صفائی نے مزید کہا کہ کل کی میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو انزائٹی سمیت صحت کے دیگر مسائل ہیں۔ اب تو لوگوں نے ان کی زندگی کے ثبوت مانگنا شروع کر دیے ہیں۔ 1979 میں جو ہوا، اس کے نتائج آج تک قوم بھگت رہی ہے۔
عدالت نے وکیل صفائی کے دلائل سننے کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان کے تمام مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ تفصیل سے بتایا جائے کہ بانی پی ٹی آئی پر کتنے مقدمات ہیں اور وہ کتنے میں سزا یافتہ ہیں؟
عدالت عظمیٰ نے عمران خان کا مکمل طبی ریکارڈ اور ان سے ملاقاتوں کا مکمل ریکارڈ بھی طلب کر لیا اور سماعت میں دوپہر 12 بجے تک وقفہ کر دیا۔









