بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ریٹیلر ایپ کا اجراء، چھوٹے دکانداروں کیلئے ٹیکس اسکیم آسان بنا دی، محمد اورنگزیب

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایپ کا باقاعدہ اجراء کر دیا گیا ہے ، چھوٹے دکانداروں کے لیے ٹیکس اسکیم کو آسان اور اختیاری بنایا گیا ہے۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے نفاذ سے معیشت میں شفافیت آئے گی۔

محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بجٹ سازی اور ٹیکس پالیسی کی تیاری میں پارلیمنٹ اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت ضروری ہے۔ دکاندار نئی اسکیم میں شامل ہو کر اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ جو لوگ اسکیم سے فائدہ نہیں اٹھائیں گے، ان کے خلاف آئندہ ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ہر طبقے کو ساتھ لے کر چلنا ضروری ہے، کسی ایک طبقے کو نظرانداز کرکے ملک کا نظام نہیں چل سکتا۔ 25 سے 26 کروڑ آبادی کے ملک کو آسان اور بہتر نظام فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کا مقصد ہر کاروباری طبقے کو قومی ٹیکس دائرے میں لانا اور ٹیکس نظام میں ہر طبقے کی شمولیت یقینی بنانا ہے۔ ریٹیلر ایپ کے ذریعے ٹیکس کا دائرہ کار وسیع کیا جا رہا ہے ، ریٹیلر ایپ ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیکس نظام کومؤثر بنانے کی کوشش ہے۔ تاجروں کو یقین دہانی کراتے ہیں کہ انہیں ہراساں نہیں کیا جائے گا۔

اس موقع پر بلال اظہر کیانی نے کہا کہ تاجروں کی مشاورت سے نئی اسکیم تیار کی گئی ہے۔ ٹیکس کا دائرہ وسیع کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ریٹیلر ایپ کے ذریعے دکاندار فائلر بن سکیں گے۔ ریٹیلر اسکیم ایپ ان دکانداروں کے لیے بھی ہے جو ٹیکس نیٹ میں نہیں ہے۔

بلال اظہر نے کہا کہ ریٹیلر اسکیم ایپ گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکے گی، ستمبرکے پہلے ہفتے تک ریٹیلر اسکیم ایپ مقامی زبانوں میں دستیاب ہو گی۔ جس دکان پر گرین پلیٹ آویزاں ہو گی، وہاں ایف بی آر کا افسر داخل نہیں ہو گا۔

بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ نئی تاجر اسکیم ان دکانداروں کے لیے بھی دستیاب ہے جو پہلے ٹیکس نیٹ میں شامل نہیں تھے۔ سالانہ 20 کروڑ روپے تک فروخت کرنے والے دکاندار اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کے دوران دکاندار کو پی ایس آئی ڈی جاری کیا جائے گا، جس کے ذریعے فیس کی ادائیگی کی جا سکے گی۔ فیس جمع کرانے کے بعد دکاندار کو ایک سال کے لیے اسکیم میں شمولیت کی تصدیق فراہم کی جائے گی۔

مزید پڑھیں:سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کی کمی،فی تولہ ریٹ جان کر حیران رہ جائیں گے

چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال نے کہا کہ ریٹیلر اسکیم تاجروں کی آسانی کے لیے لائی گئی ہے۔ ایف بی آر اور تاجر برادری مل کر ملک کو معاشی طور پر آگے لے جا سکتے ہیں۔