بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بلوچستان، سیکیورٹی فورسز کا بڑا ایکشن، 21دہشتگرد ہلاک، 2 افسران سمیت 6 جوان شہید، آئی ایس پی آر

پشین میں سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 21 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا تاہم دہشتگردوں سے لڑتے ہوئے 6 جوان شہید ہو گئے جن میں 2 افسران بھی شامل ہیں ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کا ایک سرکاری اہلکار بھی شامل ہے، چاغی اور پشین میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور باقی دہشتگردوں کے خاتمے تک سینیٹائزیشن آپریشن جاری رہے گا۔

قومی شاہراہوں اور مقامی آبادی کی سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

صدر مملکت کا خراج تحسین

صدر مملکت نے بلوچستان میں 21 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

صدر مملکت نے چھ بہادر جوانوں کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا اور کہا کہ شہداء نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطن عزیز کے دفاع کی عظیم مثال قائم کی۔

محسن نقوی کا خراج تحسین

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا ہے ۔ انہوں نے 21 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا ۔

وزیرداخلہ نے جام شہادت نوش کرنے والے وطن کے 6 بہادر سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے جانیں قربان کرکے کسٹم ہاوس پر حملہ ناکام بنایا،شہدا کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے پختہ عزم کا ثبوت ہیں۔

مزید پڑھیں:نادرا اور فیڈرل بورڈ میں معاہدے پر دستخط، ڈیٹا تبادلے کا نظام وضع

بلوچستان میں قیام امن کیلئے سیکیورٹی فورسز پرعزم ہیں، دہشتگردوں اور سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ پوری قوم کی آواز ہے، قوم دہشتگردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔