بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور جبری لوڈشیڈنگ جاری

لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی(loadshedding) کی غیر اعلانیہ اور جبری لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، لیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں رات بھر بجلی کی آنکھ مچولی نے شہریوں کو شدید پریشان کیے رکھا۔
ذرائع کے مطابق لیسکو ریجن میں شام ہوتے ہی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے، ایک جانب بجلی کی بندش تو دوسری جانب تکنیکی خرابیوں کی بھرمار نے صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایل این جی کی عدم دستیابی کے باعث بجلی کی پیداوار میں کمی ہوئی ہے، جبکہ بجلی کی پیداوار میں کمی اور لیسکو کا خستہ حال ڈسٹری بیوشن سسٹم لوڈشیڈنگ کی بڑی وجوہات میں شامل ہیں۔

رات بھر بجلی کی آنکھ مچولی کے باعث شہریوں کی نیندیں متاثر ہوئیں، شہر کے مختلف علاقوں میں 30 منٹ سے ایک گھنٹے تک وقفے وقفے سے جبری لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، جبکہ دیہی اور سرحدی علاقوں میں ہر گھنٹے کے بعد ایک گھنٹہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی اطلاعات ہیں۔

مزیدپڑھیں:اسمبلیاں جب چاہیں گی دو تہائی اکثریت سے نئے صوبے بن جائیں گے: اعظم نذیر تارڑ

ذرائع کے مطابق ہائی لاسز فیڈرز پر 2 سے 6 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، بجلی کی فراہمی بحال ہونے کے بعد بھی شہریوں کو ٹرانسفارمرز کے جمپر اترنے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

گنجان آباد علاقوں میں تکنیکی خرابیوں اور ٹرانسفارمرز خراب ہونے کی شکایات میں بھی ہوشربا اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث شہری کئی کئی گھنٹے بجلی سے محروم رہتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دن کے اوقات میں سولر سسٹمز کے باعث لیسکو کی طلب 3500 سے 3700 میگاواٹ تک رہتی ہے، تاہم رات کے اوقات میں سولر سسٹمز بند ہونے کے بعد طلب بڑھ کر 5200 میگاواٹ تک پہنچ جاتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طلب میں اچانک اضافے، بجلی کی پیداوار میں کمی اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کی تکنیکی خامیوں کے باعث لوڈشیڈنگ اور بجلی کی فراہمی میں تعطل کا سلسلہ جاری ہے۔