بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چکن کے زیادہ پیس کھانے پر دوست نے دوست کی جان لے لی

بھارتی ریاست کرناٹک (Karnataka)کے ضلع بیلگاوی میں کھانے کے معاملے پر ہونے والی معمولی تکرار کے نتیجے میں ایک نوجوان اپنے ہی دوست کے ہاتھوں قتل ہو گیا۔

پولیس اور بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتول کی شناخت سیتارام جبکہ ملزم کی شناخت ارون کمار کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں دوست مقامی اسٹیل فلٹرنگ اور مینوفیکچرنگ کمپنی میں ملازم تھے اور ایک ہی کمرے میں مقیم تھے۔ اتوار کی رات دونوں اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر کمرے میں ڈنر کر رہے تھے۔

پارٹی کے دوران پلیٹ میں رکھے چکن کے ٹکڑے زیادہ کھانے پر دونوں دوستوں کے درمیان تکرار ہوگئی ۔ بات لفظی تکرار سے شروع ہو کر ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔ طیش میں آ کر ارون کمار نے کچن سے دھار دار چاقو اٹھایا اور سیتارام کے سینے پر پے در پے وار کر دیے، جس سے وہ شدید زخمی ہو کر گر پڑا۔

مزیدپڑھیں:فلپائن میں سیلابی پانی سے بھرے چرچ میں جوڑے کی شادی

واردات کے بعد ملزم ارون کمار نے اپنے جرم پر پردہ ڈالنے اور پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی اور زخمی سیتارام کو فوری طور پر قریبی سرکاری اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال کے عملے اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں کو اس نے بتایا کہ سیتارام عمارت کی چھت سے نیچے گر کر شدید زخمی ہوا ہے۔ تاہم، سیتارام زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دورانِ علاج دم توڑ گیا۔

ڈاکٹروں نے سیتارام کے جسم پر تیز دھار آلے سے لگنے والے زخموں کے نشانات دیکھ کر فوری طور پر مقامی پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم ارون کمار کو حراست میں لے کر جب کڑی تفتیش کی تو اس نے اعترافِ جرم کر لیا۔

مقامی پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف تعزیراتِ ہند کی متعلقہ دفعات کے تحت قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور آلاتیہ قتل (چاقو) بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔