بھارت کی سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا (Sania Mirza)نے اپنی نجی زندگی سے متعلق جاری قیاس آرائیوں پر خاموشی توڑتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ فی الحال ان کی زندگی میں کوئی مرد موجود نہیں اور وہ مستقبل کے حوالے سے بھی کچھ کہنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔
ثانیہ مرزا نے حال ہی میں ایک ٹاک شو میں شرکت کی جہاں ان کے ہمراہ معروف فلم ساز اور ان کی قریبی دوست فرح خان بھی موجود تھیں۔ پروگرام کے دوران گفتگو کا رخ ثانیہ کی ذاتی زندگی اور ڈیٹنگ کی جانب مڑ گیا۔
میزبانوں نے ان سے سوال کیا کہ کیا انہیں کبھی کسی نے کافی پر ملاقات کی پیشکش کی ہے؟ اس پر ثانیہ مرزا نے بتایا کہ ان کے مرد دوست اکثر انہیں سیر و تفریح کے لیے مدعو کرتے ہیں تاہم وہ انہیں رومانوی ساتھی کے بجائے اپنے دوستوں کی طرح ہی سمجھتے ہیں۔
اس موقع پر فرح خان نے بھی دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے بعض دوست اکثر ان سے رابطہ کرکے پوچھتے ہیں کہ آیا ثانیہ مرزا واقعی سنگل ہیں یا نہیں۔ اس سوال کے جواب میں ثانیہ مرزا نے دوٹوک انداز میں کہا ’میری زندگی میں کوئی مرد نہیں ہے اور مجھے نہیں معلوم کہ مستقبل میں کوئی ہوگا بھی یا نہیں۔‘
ثانیہ مرزا کے اس بیان کے بعد ان کی ذاتی زندگی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے خصوصاً پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد ان کے مستقبل کے تعلقات کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جاتی رہی ہیں۔
مزیدپڑھیں:گھر کی حفاظت کے لیے اُڑتے اور رینگتے روبوٹس متعارف
واضح رہے کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک نے 2010 میں شادی کی تھی۔ دونوں کے ہاں 2018 میں بیٹے اذہان مرزا ملک کی پیدائش ہوئی۔ تاہم دونوں کی ازدواجی زندگی 2023 میں اختتام پذیر ہوگئی جس کے بعد شعیب ملک نے جنوری 2024 میں پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کرلی۔
شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد ثانیہ مرزا نے اپنی نجی زندگی کو میڈیا کی توجہ سے دور رکھا اور اپنی تمام تر توجہ بیٹے، خاندان اور پیشہ ورانہ مصروفیات پر مرکوز رکھی۔
یاد رہے کہ بھارت کی کامیاب ترین ٹینس کھلاڑیوں میں شمار ہونے والی ثانیہ مرزا نے 2023 میں پروفیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ وہ اپنے کیریئر کے دوران عالمی سنگلز رینکنگ میں 27ویں پوزیشن تک پہنچیں جبکہ ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں مجموعی طور پر چھ گرینڈ سلیم ٹائٹلز اپنے نام کیے۔








