پاکستانی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ارباز خان (Arbaaz Khan)نے اپنی اہلیہ اور فلمی اداکارہ خوشبو خان سے طلاق کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ ان کے درمیان کوئی طلاق نہیں ہوئی بلکہ وہ صرف ایک دوسرے سے الگ رہ رہے ہیں۔
حال ہی میں خوشبو خان کی جانب سے علیحدگی کے اعلان کے بعد ارباز خان نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی اور اپنی نجی زندگی پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی اور خوشبو خان کی دوستی سال 1996 سے شروع ہوئی تھی جو سات سال تک یعنی 2003 تک رہی اور پھر انہوں نے 2004 میں شادی کر لی تھی۔
۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم دونوں ایک دوسرے کو پسند کرتے تھے اور یہ بات سب کو معلوم ہے، ہمارے دو بیٹے ہیں جن کے نام اریان خان اور شایان خان ہیں۔
ارباز خان کا مزید کہنا تھا کہ لوگ اکثر ان کی طلاق کے بارے میں سوالات کرتے ہیں، لیکن ہر انسان کی اپنی نجی زندگی ہوتی ہے اور وہ اپنی اس نجی زندگی کو سب کے سامنے لانا پسند نہیں کرتے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہمارے درمیان طلاق ہرگز نہیں ہوئی، ہم بس الگ رہ رہے ہیں۔
مزیدپڑھیں:‘فورچیونر’ کو ٹکر دینے والی لیجنڈری گاڑی ‘پجیرو’ کی واپسی، نیا لُک اور فیچرز کیا ہیں؟
بچوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے اداکار نے بتایا کہ ان کے دونوں بیٹے اپنی والدہ کے ساتھ رہتے ہیں، وہ بچوں سے ملنے کے لیے خود لاہور جاتے ہیں اور بچے بھی ان سے ملنے آتے ہیں۔ ان کا بڑا بیٹا او لیولز کی پڑھائی مکمل کر چکا ہے اور اپنے بچوں کے ساتھ ان کے تعلقات بہت اچھے ہیں۔
واضح رہے کہ ارباز خان نے اپنے کیریئر کا آغاز نامور ہدایت کار سید نور کی مشہور فلم ”گھونگھٹ“ سے کیا تھا اور وہ اب تک متعدد کامیاب پشتو اور پنجابی فلموں میں اپنی بہترین اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔
ان کا تعلق فنکارانہ گھرانے سے ہے اور وہ ماضی کے لیجنڈری پشتو اداکار آصف خان کے صاحبزادے ہیں۔









