بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فلپائن، فیری میں آتشزدگی سے ہلاکتوں کی تعداد 76 ہو گئی، 13افراد لاپتا

فلپائن میں مسافر فیری ایم وی جون ایسٹر میں لگنے والی خوفناک آگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 76 ہو گئی ہے، 13 افراد تاحال لاپتا ہیں۔ جبکہ 43 کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔

فلپائنی میڈیا کے مطابق فیری 9 ستمبر کو منیلا سے پالاون کے سیاحتی شہر کورون جا رہی تھی جس میں 132 سے زائد افراد سوار تھے۔ منزل کے قریب پہنچنے سے کچھ دیر پہلے جہاز میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جو انتہائی تیزی سے پھیل گئی۔

حکام کے مطابق آگ بجھانے کے بعد امدادی کارکن پہلی مرتبہ فیری کے اندر داخل ہو سکے، جہاں اکانومی رہائشی حصے سے 41 جلی ہوئی لاشیں ملیں۔

فلپائن کوسٹ گارڈ کے مطابق متاثرین کی شناخت کے لیے فرانزک ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور ذاتی اشیاء کے ساتھ ڈی این اے کے ذریعے بھی شناخت کا عمل جاری ہے۔ متاثرہ خاندان اپنے لاپتا عزیزوں کی معلومات کے لیے بندرگاہ پر موجود ہیں۔

حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاہم حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، زندہ بچ جانے والے افراد کے بیانات کے مطابق آگ لگنے سے پہلے فیری کے اندر دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئی تھیں۔

مزید پڑھیں:موٹر سائیکل سواروں کیلئے 2 ہزار روپے ماہانہ ریلیف کی تجویز

ایم وی جون ایسٹر چلانے والی کمپنی اٹینزا انٹرآئی لینڈ فیریز انکارپوریٹڈ نے کہا ہے کہ وہ حادثے کی تحقیقات کرنے والے حکام سے تعاون کر رہی ہے۔