ڈبلن : آئرلینڈ کی کاؤنٹی کاک کے ایک خوش نصیب شہری نے ہفتہ وار پرائز بانڈ ڈرا میں 100,000 یورو (1 لاکھ یورو) کا سب سے بڑا بمپر انعام جیت لیا ہے، جنہوں نے یہ پرائز بانڈ سال 2022 میں خریدا تھا۔
تفصیلات کے مطابق آئرلینڈ میں منعقد ہونے والے اس ہفتہ وار ڈرا کا اعلیٰ ترین انعام کاؤنٹی کاک کے رہائشی کے بانڈ نمبرAZH313977 کے نام رہا۔ انتظامیہ کے مطابق اس ہفتے کے پرائز بانڈ ڈرا میں مجموعی طور پر تقریباً 100,000 (1 لاکھ) چھوٹے بڑے انعامات تقسیم کیے گئے، جن کی کل مالیت 1,141,200 (11 لاکھ 41 ہزار سے زائد) یورو بنتی ہے۔
ہفتہ وار اور ماہانہ انعامی ساخت
آئرش پرائز بانڈز کے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہر ہفتے کے ڈرا میں 100,000 یورو کا پہلا بڑا انعام دیا جاتا ہے، جبکہ ہر کیلنڈر ماہ کے آخری ہفتہ وار ڈرا میں انعامی رقم بڑھا کر 500,000 (5 لاکھ) یورو کا بمپر انعام دیا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں ہر ہفتے دیے جانے والے دیگر نقد انعامات میں 1,000 یورو کے 50 انعامات اور باقی تمام 100 یورو کے چھوٹے انعامات شامل ہوتے ہیں۔
ٹیکس فری رقم اور نقد کروانے کی سہولت
پرائز بانڈ انتظامیہ کے مطابق ان پرائز بانڈز کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ حاصل ہونے والی تمام تر انعامی رقم مکمل طور پر ٹیکس فری ہوتی ہے جس پر کوئی کٹوتی نہیں کی جاتی۔ مزید برآں، پرائز بانڈز کو کم از کم 3 ماہ کی لازمی ہولڈنگ مدت مکمل ہونے کے بعد کسی بھی وقت نقد (کیش) کروایا جا سکتا ہے۔









