پشاور: پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات اور سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ دہشت گردی کی پرزور مذمت کی ہے اور وہ اس جنگ میں اپنی سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شوکت یوسفزئی نے اپنے ایک بیان میں وفاقی حکومت کے اقدامات کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے نام پر اقتدار میں آئی تھی لیکن اس کی آڑ میں تحریکِ انصاف کے خلاف بدترین کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا حکومت کا اصل مقصد دہشت گردی کا خاتمہ ہے یا پی ٹی آئی کو کچلنا ہے؟ انہوں نے شکایت کی کہ پارٹی کارکنوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران چادر اور چار دیواری کا تقدس بھی پامال کیا جا رہا ہے۔
سابق صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے اپنے دستیاب وسائل سے پولیس پر 2 فیصد بجٹ خرچ کیا، اور یہ الزام بے بنیاد ہے کہ پولیس کو فنڈز نہیں دیے گئے۔ انہوں نے اس بات پر شدید ردِعمل ظاہر کیا کہ ایمرجنسی نافذ کر کے پوری جماعت پر دہشت گردوں کی سرپرستی کا الزام لگانا سراسر ناانصافی ہے۔ شوکت یوسفزئی نے اعادہ کیا کہ ان کی جماعت پرامن احتجاج کی قائل ہے اور دہشت گردی کے خلاف قومی جنگ میں ہمیشہ فوج کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔









