لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آج پنجاب مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور جدید ترقی کے دور میں داخل ہو چکا ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کو پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ساہیوال میں طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے مخالفین کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جو لوگ عوام کو شعور دینے کا دعویٰ کرتے تھے، انہوں نے دراصل عوام کی زندگیاں تباہ کر دی ہیں۔ انہوں نے طنز کیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کسی نے ختم نہیں کی بلکہ انہوں نے خود اپنی حکومت ختم کی، اور یہ تاریخ کا پہلا لانگ مارچ ہے جو اپنی ہی حکومت کو کھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب خیبرپختونخوا کے عوام کو اصل ترقی کا پتہ چلے گا کیونکہ وہ خدمت کا جذبہ لے کر نکلی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے صوبے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں تین ہزار الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی جن کا کرایہ صرف 20 روپے ہے، اور یہ بسیں صوبے کی تمام تحصیلوں تک جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے لیے اسکوٹیز کی ماہانہ قسط صرف 3 ہزار روپے رکھی گئی ہے تاکہ نوجوانوں پر مالی بوجھ نہ پڑے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اے آئی لیبز قائم کی جا رہی ہیں، جامعات میں میرٹ پر وائس چانسلرز تعینات کیے گئے ہیں، اور عوام کو دوائیاں ان کی دہلیز پر فراہم کی جا رہی ہیں۔









