پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں امن کی خاطر جانیں دینے والے پولیس شہدا اور زخمی ہونے والے افسران و اہلکاروں کے لیے مالی امداد اور ریلیف پیکج میں تاریخی اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیصل کریم کنڈی نے پریس کانفرنس کے دوران پیکج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کے پی پولیس میں کانسٹیبل سے لے کر انسپکٹر رینک تک کے شہدا کا معاوضہ ایک کروڑ 10 لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ 70 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ ڈی ایس پی اور اے ایس پی رینک کے شہدا کے لیے یہ رقم ایک کروڑ 60 لاکھ سے بڑھا کر ڈھائی کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح گریڈ 18 اور 19 کے شہدا کا معاوضہ 3 کروڑ جبکہ گریڈ 20 اور اس سے زائد کے افسران کے لیے ساڑھے تین کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے مزید اعلان کیا کہ دورانِ ڈیوٹی زخمی ہونے والے اہلکاروں کا مالی پیکج ایک لاکھ سے بڑھا کر 15 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ مستقل معذوری کی صورت میں 50 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پلاٹ کی فراہمی کے متبادل کے طور پر کانسٹیبل سے انسپکٹر تک کے شہدا کے ورثا کو ایک کروڑ 80 لاکھ روپے اور گریڈ 20 سے زائد کے شہدا کے ورثا کو 7 کروڑ روپے نقد دیے جائیں گے، جبکہ اہلکاروں کے والدین یا بہن بھائیوں کی وفات پر بھی 30 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی۔









