بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان اور چین نے مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے 5 نکاتی منصوبہ شروع کر دیا، اسحاق ڈار

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان اور چین نے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے 5 نکاتی منصوبے کا آغاز کردیا ہے۔

اسلام آباد میں چینی صدر شی جن پنگ کی پارٹی سازی اور افکار پر سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شی جن پنگ کی قیادت کو سراہتے ہیں،دونوں ممالک سفارتی تعلقات کی 75ویں جبکہ چینی کمیونسٹ پارٹی اپنی تاسیس کی 105 ویں سالگرہ منارہی ہے۔وزیر خارجہ نے 5 نکاتی منصوبے سے متعلق تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا۔

پاکستان کے دورے پر آئے چینی وزیر لیو ہائی شنگ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ چین نے صدرشی کی قیادت میں عوام دوست حکمرانی کے ذریعے قومی ترقی کی،چین پاکستان سیاسی جماعتوں کا فورم اور سی پیک مشترکہ مشاورتی نظام اہم پلیٹ فارم ہیں۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان کی سیاسی پارٹیوں کے درمیان تعاون قائم ہے جن میں مشاورت اہمیت رکھتی ہے،دونوں ممالک کی شراکت داری باہمی اعتماد، احترام اورتعاون پر قائم ہے۔

اس موقع پر چینی وزیر لیو ہائی شنگ کا کہنا تھا کہ آج کےچین کوسمجھنے کے لیے چینی کمیونسٹ پارٹی کو سمجھنا ضروری ہے،چین کے صدر شی جن پنگ نے نئے تزویراتی تصورات متعارف کرائے۔انہوں نے نئی سوچ اور نئی حکمت عملیوں کاایک سلسلہ پیش کیا،ان کے جماعتی تنظیم سازی کے نظریے کوسمجھنا ہوگا۔

پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی مضبوط تعلقات قائم ہیں،دونوں ممالک کی سیاسی قیادت تعلقات نئی بلندیوں تک لےجانے کیلئے پرعزم ہے۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ چین کی مختلف شعبوں میں نمایاں ترقی قابل تقلید ہے، شی جن پنگ سوچ عوامی فلاح ،گڈ گورننس اور کرپشن کے خاتمے پر زور دیتی ہے،پاکستان اور چین آہنی دوست ہیں، 75 سال کی دوستی مزید مضبوط ہو رہی ہے۔

واضح رہے چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر لیو ہائی شنگ گزشتہ شب اسلام آباد پہنچے تھے ۔وزارت خارجہ کے مطابق لیو ہائی شنگ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان آئے ہیں۔

چینی وزیر لیو ہائی شنگ کی اسلام آباد آمد پر سینیٹر انوشہ رحمان خان اور وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکریٹری (ایشیا پیسیفک) ڈاکٹر محمد فیصل نے ان کا استقبال کیا۔لیو ہائی شنگ چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر ہیں اور ان کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان جاری اعلیٰ سطح تبادلوں کا حصہ ہے۔

مزید پڑھیں:بنگلہ دیش: ماہانہ اجرت میں اضافے کیلئےگارمنٹس ملازمین سڑکوں پر، پولیس سے جھڑپیں

یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور سفارتی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے جاری اعلیٰ سطح تبادلوں کی عکاسی کرتا ہے۔