وزیراعظم محمد شہباز شریف(Shehbaz Sharif) نے کہا کہ بجلی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عوام پر نہیں ڈالا، فیول سبسڈی دسمبر تک جاری رہے گی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششیں جاری ہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایران کا دورہ کیا، جبکہ تہران میں ایرانی قیادت کے ساتھ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا اجلاس بھی ہوا۔ تہران میں ہونے والی بات چیت انتہائی خوشگوار اور مثبت ماحول میں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، خطے میں بدامنی کی ایک بڑی وجہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہے، تاہم حکومت نے توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ عام آدمی پر نہیں پڑنے دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوامی ریلیف کے لیے فیول سبسڈی اسکیم شروع کی گئی، جس سے ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد براہ راست استفادہ کر چکے ہیں، سکیم کے لیے 28 ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں اور یہ پروگرام دسمبر کے آخر تک جاری رہے گا، پٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لٹر اضافے کا بوجھ بھی عوام پر نہیں ڈالا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وزیر پٹرولیم اور ان کی ٹیم نے ریفائنریز کے ساتھ اہم بات چیت کی ہے، جبکہ فیول سبسڈی اسکیم میں تعاون نہ کرنے والے پٹرول پمپوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایل این جی مافیا کا دور ختم ہو چکا ہے، اب مسابقت اور شفافیت کے ساتھ امور انجام دیے جا رہے ہیں۔ پی ایس او اور پارکو جیسے سرکاری اداروں کے ذریعے معاملات چلائے جا رہے ہیں، جبکہ ایل پی جی کے لیے بھی نظام ترتیب دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سردیوں کی آمد کے پیش نظر ایل این جی، ایل پی جی اور تیل کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں تاکہ موسم سرما میں عوام کی توانائی کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں امن و امان اور ترقی کے لیے 160 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج منظور کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وطن عزیز سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے غیور عوام نے دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں، 2018ء میں ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہو چکا تھا، تاہم بدقسمتی سے دہشت گردی کے ناسور نے دوبارہ سر اٹھایا۔
وزیراعظم نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو جی 24 کی چیئرمین شپ سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی۔









