اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن اور 10 روپے کے بینک نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کی منظوری دے دی۔
جبکہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے دوران روزمرہ انتظامی امور کی انجام دہی کے لیے وزیرِ اعلیٰ کو تفویض شدہ اختیارات گورنر کو منتقل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں منظور کیا گیا کہ گورنر خیبرپختونخوا ایمرجنسی کی مدت کے دوران منتقل کیے گئے اختیارات استعمال کرتے ہوئے ہر ماہ وفاقی حکومت کو کارکردگی اور امور کی انجام دہی سے متعلق جائزہ رپورٹ پیش کریں گے۔
کابینہ نے امید ظاہر کی کہ گورنر کی سربراہی میں صوبائی ایڈوائزری کونسل عوام کی فلاح و بہبود، خوشحالی اور امن و امان کے قیام کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔
اجلاس میں وزارتِ خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ نئے نوٹوں کے ڈیزائن کے لیے ملک بھر کے مصوروں اور ڈیزائنرز سے تجاویز طلب کی گئی تھیں۔
جبکہ وزیرِ اعظم کی قائم کردہ کابینہ کمیٹی نے تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کی۔ نئے نوٹوں میں جعل سازی کی روک تھام کے لیے جدید سکیورٹی فیچرز اور معیاری میٹریل استعمال کیا جائے گا، جس سے ان کی پائیداری میں بھی اضافہ ہوگا۔
وفاقی کابینہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان 11 جون 2023 کو طے پانے والے دفاعی تعاون کے معاہدے کی بھی توثیق کر دی۔ معاہدے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ کویتی حکومت پہلے ہی 19 جولائی کو اس معاہدے کی توثیق کر چکی ہے۔
مزید پڑھیں:امریکی عوام نے جنگ کے خلاف فیصلہ سنا دیا، باقر قالیباف
اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی اداروں کے 26 اکتوبر کے اجلاس اور کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 22 جنوری، 26 فروری، 5، 18 اور 27 اگست، 11 اور 22 ستمبر کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔









