کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی بھارتی پاسپورٹ کے ذریعے فرانس جانے کی کوشش کرنے والے ایک پاکستانی مسافر کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے پاسپورٹ پر بالی وڈ اداکار اکشے کمار کے نام سے شینگن ویزا درج تھا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق دوحہ سے کراچی پہنچنے والے ایک پاکستانی مسافر کی سفری دستاویزات کو امیگریشن کاؤنٹر پر مشکوک پایا گیا جس پر اسے فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزم اگرچہ پاکستانی پاسپورٹ پر دوحہ سے کراچی واپس آیا تھا، تاہم اس سے قبل اس نے جعلی بھارتی پاسپورٹ پر فرانس جانے کا منصوبہ بنایا تھا، جس پر تصویر تو مسافر کی اپنی لگی ہوئی تھی مگر ویزے پر معروف بھارتی اداکار ’اکشے کمار‘ کا نام درج تھا۔
تحقیقات کے دوران ملزم نے بتایا کہ وہ 16 نومبر کو عمرہ ویزے پر اسلام آباد سے سعودی عرب روانہ ہوا تھا، تاہم عمرہ ادا کرنے کے بجائے وہاں اپنے ایک رشتہ دار کے پاس مقیم رہا۔ بعد ازاں ایک ایجنٹ نے اسے مدینہ سے دوحہ جانے کا فضائی ٹکٹ اور قطر حیا آئی ڈی فراہم کی، جس کے ذریعے دوحہ پہنچنے پر ایک نامعلوم شخص نے اسے واٹس ایپ کے ذریعے جعلی بھارتی پاسپورٹ فراہم کیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک بھجوانے کے لیے ایجنٹ کے ساتھ تقریباً 30 ہزار یورو میں معاملہ طے پایا تھا، جس میں سے 5 ہزار یورو نقد پیشگی ادا کیے جا چکے تھے۔ امیگریشن حکام نے گرفتار مسافر کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (اے ایچ ٹی سی) منتقل کر دیا ہے۔








