اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت کی جانب سے عوام کو بجلی کے معاملے میں ریلیف دینے لئے بڑا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ بیرون ملک سے مہنگا تیل منگوا کر بجلی بنانے کے بجائے شمسی توانائی سے بجلی پیدا کی جائے گی۔
منصوبے کے تحت مہنگے درآمدی ایندھن (ڈیزل اور فرنس آئل) کی جگہ سولر پاور سے دس ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی جس پر مکمل طور پر عملدرآمد کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی گئیں ہیں۔
اس منصوبے کی پیش نظر وزیراعظم نے سولر پاور پلانٹس کی جلد تعمیر کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا عوام کو بجلی کے معاملے میں ریلیف دینے کے لئے بڑا فیصلہ۔ بیرون ملک سے مہنگا تیل منگوا کر بجلی بنانے کے بجائے شمسی توانائی سے بجلی پیدا کی جائے: وزیراعظم نے فیصلے پر عملدرآمد کی منظوری دے دی۔
— Prime Minister's Office (@PakPMO) September 1, 2022
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرمیوں کا آئندہ موسم شروع ہونے تک عوام کو بجلی کی فراہمی میں خاطر خواہ ریلیف فراہم کیا جائے۔
خیال رہے کہ اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں سرکاری عمارتوں، بجلی اور ڈیزل سے چلنے والے ٹیوب ویلز اور کم یونٹ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو سورج کی روشنی سے پیدا ہونے والی بجلی دی جائے گی۔









