ملتان(مقبول حسین) این اے 157 سے پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار محترمہ مہر بانو قریشی نے کہا ہے کہ خواتین میری طاقت اور بازو ہیں۔ خواتین کی طاقت کے سہارے الیکشن لڑ رہی ہوں۔ این اے 157 کی خواتین باشعور ہیں۔ ماضی میں بھی انہوں نے تحریک انصاف کی کامیابی میں بھر پور کردار اد کیا۔ اور اب ایک بار پھر ضمنی انتخاب میں خواتین تحریک انصاف کی کامیابی میں بھر پور کردار ادا کریں گی۔ خواتین پارٹی چیئرمین عمران خان کا پیغام، بیانیہ، منشور گھر گھر پہنچا کر عمران خان کے بیانیہ کو تقویت پہنچائیں۔ اپنی اولاد کے بہتر مستقبل اور ملک کی بہتری کیلئے تحریک انصاف کا ساتھ دیں۔ عمران خان قوم کے بہتر مستقبل اور آنے والی نسلوں کی بہتری کا سوچتے ہیں۔پی ڈی ایم کی قیادت اپنی اولاد اور نسلوں کا سوچتے ہیں۔ عمران خان کا مقابلہ چوروں اور لٹیروں سے ہے۔ این اے 157 کے ووٹرز اور ملتان کے عوام ایفی ڈرین کیس کو نہیں بھولے۔ قوم کی رگوں میں زہر گھولنے والے اور منشیات کا کاروبار کرنے والے امیدوار کو این اے 157 کی عوام مستر دکریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان کے مقامی میرج ہال میں این اے157 کی خواتین کے مرکزی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں مخدومزادہ زین حسین قریشی، سین گل ایم پی اے‘ شازیہ عباس کھاکھی‘ قربان فاطمہ‘ ڈاکٹر روبینہ اختر‘ شازیہ وحید ارائیں اور خواتین کی ایک بہت بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ انہوں نے کہا خواتین الیکشن کے روز متحرک ہوں اور اپنے خاندان کے افراد کو تحریک انصاف کے نشان پر ٹھپہ لگانے کیلئے کہیں۔ پی ڈی ایم کی حکومت نے قوم کو مہنگائی کا تحفہ دیا۔ مہنگائی کا پہلا شکار گھر کی خاتون خانہ ہوتی ہے۔ خاتون خانہ نے گھر کا بجٹ چلانا ہوتا ہے۔ اسی نے مشکل کا سامنا کرنا ہوتا ہے۔ این اے 157 کی خواتین 16 اکتوبر کو بلے پر ٹھپہ لگا کر مہنگائی کا بدلہ لیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی مخدومزادہ زین حسین قریشی نے کہا این اے 157 میں 2لاکھ 24ہزار خواتین ووٹرز ہیں۔ این اے 157 میں پہلی دفعہ ایک خاتون سیاست کے میدان میں آئے ہیں۔ اور وہ حلقے کی خواتین کی نمائندہ ہیں اور خواتین کی جانب سے ان کی بھر پور پذیرائی کی جار ہی ہے۔ عمران خان کی حکومت نے خواتین کو مضبوط کیا۔ انہیں ان کے حقوق دیئے۔ مہر بانو قریشی کامیابی کے بعد حلقے کی خواتین کی موثر آواز ابھر کر سامنے آئیں گی۔ میں حلقے کی ماؤں‘ بہنوں‘ بیٹیوں سے درخواست کرتا ہوں کہ حقیقی آزادی کی جنگ میں عمران خان کا ساتھ دیں۔ غلامی سے نجات‘ مہنگائی کے خاتمے‘ آپ کی اولاد کے بہتر مستقبل اور ملکی بقاء کیلئے 16اکتوبر کو بلے پر ٹھپہ لگا کر امپورٹڈ حکمرانوں کو مسترد کرنے کا پیغام دیں۔ مجھے امید ہے خواتین جب16اکتوبر کو تحریک انصاف کی کامیابی کا عزم کرکے گھر سے نکلیں گی تو تحریک انصاف کو بھر پور کامیابی ملے گی۔کنونشن میں این اے 157کی خواتین نے بھر پور تعداد میں شرکت کی اور پی ٹی آئی امیدوار مہر بانو قریشی کی کامیابی کیلئے بھر پور کوششوں کا عزم کیا#
اولاد کے بہتر مستقبل کیلئے پی ٹی آئی کا ساتھ دیں،مہربانو قریشی








