ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اپنی آنے والی فلم” پٹھان” کی تشہیر کے لیے فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں شرکت کریں گے۔
این ڈی ٹی وی نیوز کے مطابق فیفا ورلڈ کپ کے فائنل کا سنسنی خیز میچ براہ راست دیکھنے کے لیے شاہ رخ خان سٹیڈیم پہنچیں گے اور ساتھ ہی اپنی فلم” پٹھان” کی پروموشن بھی کریں گے۔شاہ رخ خان نے ٹوئٹر اور انسٹاگرام کے ذریعے فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میچ دیکھنے کے لئے اپنی شرکت کا اعلان کردیا ہے ۔ویڈیو کے پرومو میں انہوں نے کہا کہ” لیونل میسی اور کائلان ایمباپے میدان میں آمنے سامنے ہوں گے اور سٹوڈیو میں وین رونی اور میں ۔ 18 دسمبر کی شام ہوگی شاندار ، دیکھیے فیفا ورلڈ کپ کا فائنل میرے ساتھ”۔
شاہ رخ خان ارجنٹائن اور فرانس کے درمیان کھیلے جانے والے فٹ بال کا فائنل میچ سٹیڈیم سے دیکھیں گے جہاں وہ اپنی آنے والی نئی فلم” پٹھان” کو بھی پروموٹ کریں گے ۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں شرکت کرنے والے واحد بالی ووڈ سٹار نہیں ہوں گے بلکہ دیپیکا پڈوکون بھی 18 دسمبر کو لوسیل آئیکونک سٹیڈیم میں ورلڈ کپ ٹرافی کی نقاب کشائی کریں گیں ۔
واضح رہے کہ فلم “پٹھان” 2023 ءکی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلموں میں سے ایک ہے۔ اس فلم کی ہدایتکاری سدھارتھ آنند نے کی ہےجبکہ فلم کی کاسٹ میں شاہ رخ خان ، دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہیم بھی شامل ہیں ۔فلم اگلے سال 25 جنوری کو ہندی ، تامل اور تیلگو زبانوں میں ریلیز کی جائے گی ۔









