بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

معاشی ایمرجنسی نافذ، بیوروکریسی کی مراعات ختم،40ممالک سے قرض حسنہ لیا جائے،ابراہیم مغل نے اسحاق ڈار کو عملی تجاویزدیدیں

اسلام آباد: صدر ایگری کلر فورم پاکستان ابراہیم مغل نے وفاقی حکومت کو ملک میں معاشی ایمرجنسی کے نفاذ اور مریم نوازکو پنجاب کی وزیراعلیٰ بنانے کی تجاویزدیتے ہوئے کہاہے کہ وزرا، بیوروکریسی کی مراعات ختم اور کویت، سعودی عرب سمیت40 ممالک سے ایک ،ایک ارب ڈالر قرض حسنہ کے حصول کیلئے کوششیں کی جائیں،اگرہمیں 40 ارب ڈالر قرض حسنہ مل جاتا ہے تو معاشی افراتفری ختم ہوجائے گی۔وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو بھجوائے گئے ایک آڈیوپیغام اور اپنے ایک انٹرویومیں ابراہیم مغل نے کہاکہ ملک میں معاشی ایمرجنسی کے نفاذ کا مقصد یہ ہے کہ 19گریڈ سے اوپر جو بھی افسران ہیں انہیں صرف پچاس فیصد تنخواہیں دی جائیں اور بقیہ دو سال بعد دی جائے ،اس وقت 20ویں گریڈ کاایک افسر سات لاکھ 53ہزار میں پڑ رہا ہے ملک موجودہ حالات میں اتنی بھاری تنخواہوں کی ادائیگی کا متحمل نہیں ہوسکتااس لئے ضروری ہے کہ افسران کی مراعات ختم کی جائیں انہیں بڑی سرکاری گاڑیاں دینے کی بجائے پیک اینڈڈراپ کی سہولت فراہم کی جائے،حکومتی خصوصاً وزراکی تنخواہوں اور دیگر اخراجات کو ممکنہ حد تک کم کیا جائے ،چیک اینڈ بلینس کا نظام موثر بنایاجائے ،غیرضروری اخراجات پر تادیبی کارروائی کی جائے ۔ابراہیم مغل نے اسحاق ڈار کو مخاطب کرتےہوئے کہاکہ اگرآپ چاہتے ہیں کہ یہ حکومت ڈیڑھ سال مزید چلے توپھر مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب بنایا جائے ،اگر اویس لغاری کو وزیراعلیٰ بنایا جاتا ہے تو وہ سب کچھ لوٹ کر کھا جائے گا،میرایہ پیغام نوازشریف کو بھی پہنچا دیں ۔ابراہم مغل نے کہاکہ وزیراعظم کو چاہئے کہ وہ کویت، سعودی عرب،روس ،چین سمیت40 ممالک میں جائیں اور ان سے ایک سال کے لئے ایک ایک ارب ڈالر قرض حسنہ دینے کی درخواست کریں ، اگرہمیں40 ارب ڈالر قرض حسنہ مل جاتا ہے توپھر ملک میں معاشی افراتفری ختم ہوجائے گی۔