بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران خان آج آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے آج پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔سینیٹر فیصل جاوید نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اطلاع دی کہ عمران خان آج کمیٹی سے ملاقات کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہو گا، اس کے علاوہ اجلاس میں ملک بھر میں آج ہونے والے ممکنہ احتجاج سے متعلق غور ہو گا۔

واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد 174 ووٹوں سے کامیاب ہوئی۔

عمران خان نے بطور وزیراعظم 18 اگست 2018 کو وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا اور آج 10 اپریل کو اُن کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوئی جس کے بعد اُن کی وزارت عظمیٰ کا عہد اپنے اختتام کو پہنچا۔

ہفتہ 18 اگست 2018 کو شروع ہونے والا اُن کا 1332 دنوں پر مشتمل عہد وزارت عظمیٰ اتوار 10 اپریل 2022 کو تمام ہوا۔

عمران خان کی وزارت عظمیٰ کا دور 3 سال 7 ماہ اور 24 دن پر مشتمل رہا ، جو مہینوں میں 43 ماہ اور 24 دن بنتا ہے۔