اسلام آباد(ممتازنیوز) چین اور پاکستان کے درمیان تین سال کی بندش کے بعد تجارت اور سفری سہولیات (کل) پیر سے دوبارہ بحال ہوجائیں گی۔ چین اور پاکستان کے حکام نے سی پیک کے تحت سرگرمیوں اور دوطرفہ تجارت کی بحالی کے لئے خنجراب پاس راہداری دوبارہ کھولنے کے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیں جس کے بعد سی پیک منصوبوں اور دوطرفہ تجارت میں ایک مرتبہ تیزی آجائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ایک معاہدے کے تحت دونوں ممالک خنجراب پاس کے ذریعے یکم اپریل سے 30 نومبر کے دوران پورا سال تجارتی وسفری سرگرمیوں کو انجام دیتے ہیں۔ معاہدے کے تحت گلگت بلتستان کی وادی سُست کے سرحدی مقام سے چین کے سنکیانگ ریجن روزانہ بس روانہ ہوتی ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) فریم ورک کے تحت نومبر2016 سے یہ انتظام بہت اچھے انداز سے جاری تھا تاہم نومبر2019 میں اسے راہداری اور تجارتی وسفری انتظام کو بند کردیاگیاتھا۔ اس بندش کی وجہ کورونا وبا بیان کی گئی تھی۔ اس بندش کی وجہ سے ہزاروں لوگ بے روزگار ہوگئے تھے۔ ایک اندازے کے مطابق 70 فیصد مقامی آبادی کا روٹی روزگار کا انحصار خنجراب پاس کے راستے ہونے والی تجارت اور آمدو رفت کی سرگرمیوں پر ہے۔
خنجراب پاس کھول دیا گیا، سڑک کے راستے پاک چین تجارت تین سال بعد بحال








