چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر واضح کیاہے کہ اجتماعی استعفوں کے بعد پارلیمنٹ کا حصہ نہیں ہیں، پی ٹی آئی کا نام استعمال کر کے کوئی اپوزیشن لیڈر کا عہدہ نہیں لے سکتا۔ نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے بابر اعوان نے الیکشن کمیشن کو درخواست دے دی۔ الیکشن ایکٹ کی دفعہ 104 کے تحت الیکشن کمیشن کو بھی آگاہ کر دیا۔ لکھا کہ اجتماعی استعفوں کے بعد پارلیمنٹ کا حصہ نہیں، پی ٹی آئی کا نام استعمال کر کے کوئی اپوزیشن لیڈر کا عہدہ نہیں لے سکتا۔ الیکشن کمیشن کارروائی کرے۔رہنما تحریک انصاف بابر اعوان کا کہنا ہےکہ خبریں تھی کہ ہمارے کسی بھگوڑے کو اپوزیشن لیڈر بنایا جا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن میں الیکشن ایکٹ کے 5 شقوں کی درخواست دی ہے کہ تحریک انصاف کا نام کوئی استعمال نہیں کرسکتا۔ تحریک انصاف نے منحرف اراکین کی تاحیات نااہلی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع بھی کر لیا۔ آرٹیکل 184 تین کے تحت دائر آئینی درخواست میں الیکشن کمیشن، اسپیکر، سیکرٹری قانون اور سیکریٹری کابینہ کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں عمران خان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پارٹی سے منحرف ہونے والے اراکین صادق اور امین نہیں رہتے قرار دیا جائے کہ منحرف اراکین کی نااہلی تاحیات ہوگی۔
پارلیمنٹ میں تحریک انصاف کا نام استعمال کرنےکی اجازت نہیں،عمران خان کاالیکشن کمیشن کو خط








