بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

9 مئی حملوں کی منصوبہ بندی، عملدرآمد پر عمران خان کے خلاف کارروائی فوجی عدالت میں ہوگی، وزیرداخلہ

اسلام آباد:وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف 9 مئی کو پیش آنے والے واقعات کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد پر کارروائی فوجی عدالت میں ہوگی۔
نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے عمران خان پر الزام عائد کیا کہ انہوں اپنی گرفتاری سے قبل ہی ذاتی طور پر فوجی تنصیبات پر حملے کی منصوبہ بندی کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ان دعووں کو ثابت کرنے کے لیے ثبوت بھی موجود ہیں۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ’مجھے سمجھ نہیں آرہی ہے کہ یہ دلیل کیسے بنتی ہے کہ وہ جیل میں تھا جبکہ سارا کچھ کرنے والا وہ تھا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’انہوں نے جو نعرہ لگایا تھا کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے، اس کے اوپر انہوں نے جو پیش بندی، منصوبہ بندی اور تیاری تھی وہ ساری عمران خان کے حکم پر تھی اور اس نے یہ سارا کروایا‘۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ ’اس سارے فساد کا تخلیق کار وہ خود ہے، اگر وہ ملزم نہیں ہے تو اور کون ہے، اس کے ثبوت موجود ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ دستاویزی شکل میں بھی ہے، ٹوئٹس پر بھی ہے، پیغام دیتے رہے ہیں ہر جگہ سے یہ چیز ملتی ہے، یہ سارا کچھ وہ طے کر گئے تھے کہ کس نے کیا کرنا ہے اور کہاں کرنا ہے، اسٹریٹجی کیا ہوگی، کس کی کس جگہ ڈیوٹی ہوگی، یہ سارا کچھ پہلے سے طے شدہ تھا‘۔
رانا ثنااللہ سے سوال کیا گیا کہ کیا عمران خان کے خلاف کارروائی فوجی عدالت میں ہوگی تو انہوں نے جواب دیا ’جی بالکل، کیوں نہیں چلے گا، جو انہوں نے فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا پروگرام بنایا اور اس پر عمل کروایا تو یہ میری سمجھ کے مطابق یہ بالکل فوجی عدالت کا کیس ہے‘۔
یاد رہے کہ 9 مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس پر گرفتاری کے بعد احتجاج کے دوران ہونے والے جلاؤ گھیراؤ میں 8 افراد جاں بحق اور 290 سے زائد زخمی ہوگئے تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے جھڑپوں پر ملک بھر سے ایک ہزار 900 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔