بالی ووڈ انڈسٹری سے وابستہ لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن اور اداکارہ ریکھا کی جوڑی ماضی کی پسندیدہ آن اسکرین جوڑی میں سے ایک رہی ہے۔
اگرچہ ان دونوں مایاناز اداکاروں کے درمیان کبھی کوئی تعلق رہا یا نہیں، اس حوالے سے دونوں نے کبھی کھل کر بات نہیں کی، تاہم بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک وقت میں ان دونوں کے درمیان زبردست رومانوی تعلق رہا۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا رپورٹس میں ماضی کا ایک نا خوشگوار واقعہ سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے جس کے مطابق لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن اور اداکارہ ریکھا کی زندگی میں ایک وقت ایسا بھی آیا جب اداکارہ کو امیتابھ بچن کے غضب ناک غصے کا سامنا کرنا پڑا اور انہوں نے ریکھا کو کئی تھپڑ مارے دیئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اُس وقت کی بات ہے جب اداکار امیتابھ بچن فلم ‘لاوارث‘ کی شوٹنگ میں مصروف تھے، ان دنوں ایک جانب ان کا اور ریکھا کا نام ایک ساتھ جوڑا جاتا تھا تو دوسری جانب امیتابھ بچن اور جیا بچن کی شادی ہوچکی تھی ۔
اسی اثنا میں میڈیا پر امیتابھ بچن اور ایرانی ڈانسر کے تعلقات کی خبریں بھی سامنے آنے لگیں، اداکارہ ریکھا کی سوانح عمری کے مطابق انہوں نے اس گردش کرتی خبروں کی وضاحت امیتابھ بچن سے طلب کی۔
تاہم اداکار امیتابھ بچن کسی قسم کی وضاحت دینے کے لئے رضامند نہیں تھے، جب ریکھا کی جانب سے دباؤ بڑھنے لگا تو امیتابھ بچن نے انہیں ایک بار نہیں کئی بار تھپڑ مارے، جس کے بعد اداکارہ ریکھا نے فلم ’سلسلہ‘ میں امیتابھ بچن کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا۔
بھارتی فلمساز یش چوپڑ ا نے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ جب انہیں اس معاملے کا علم ہوا تو وہ گھبرا گئے تھے کیونکہ جو کچھ امیتابھ بچن کی فلم ’سلسلہ‘ کی کہانی میں ہورہا تھا وہی سب کچھ ان کی حقیقی زندگی میں بھی ہو رہا تھا۔
واضح رہے کہ اس دلخراش واقعے کے حوالے سے تاحال بالی ووڈ میں کبھی کسی نے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔ تاہم یہ کسی افسانے کی طرح انڈسٹری میں گردش کر رہا ہے اور ریکھا کی سوانح حیات کا حصہ بھی ہے۔
امیتابھ بچن نے متعدد بار مجھے تھپڑ مارے، ریکھا کا سوانح حیات میں انکشاف








