بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کیلئے بڑا اعزاز، ڈاکٹر امجد ثاقب کا نام نوبیل امن انعام کیلئے نامزد

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) اخوت کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب کا نام نوبیل امن انعام کیلئے نامزد کر دیا گیا انہیں غربت کے خاتمے کیلئے کوشش اور انسانیت کی خدمت پر نامزد کیا گیا۔ دنیا کا سب سے بڑے ایوارڈ کے لئے نامزد ہونے پر پر ڈاکٹر امجد ثاقب نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ساری خدمات صرف رضائے الٰہی کیلئے انجام دیتے ہیں، قرض حسنہ کا پروگرام چند ہزار روپے سے شروع کیا تھا، ملک بھر سے 50 لاکھ افراد کو قرض حسنہ دیا گیا، ضرورت مندوں کو بغیر سود قرض حسنہ دیا جاتا ہے، رواں مالی سال 40 ارب روپے بلاسود قرض حسنہ کا ہدف پورا ہوگا، سرمایہ دارانہ نظام نے لوگوں سے اعتماد چھین لیا ہے، کوئی بھی شخص اپنا نام خود نوبیل پرائز کیلئے نامزد نہیں کرسکتا۔ امجد ثاقب نے کہا کہ اخوت فلاح انسانیت کیلئے ایک مکمل نظام ہے، ہم مکمل خود اعتمادی کے ساتھ لوگوں کو قرض حسنہ دیتے ہیں، اخوت اب تک 50 لاکھ افراد کو مائیکرو فنانسنگ سے مستفید کرچکا، آج 162 ارب سے قرض حسنہ پروگرام سب سے بڑا منصوبہ بن گیا ہے، نوبیل انعام کیلئے نامزدگی پر خوشی ہے، دیگر ممالک میں بھی ہمارے ماڈل کو اپنا نے پر کام کیا جا رہا ہے، غربت کوعجائب گھر کی زینت بنانا چاہتے ہیں۔اس سے پہلے ڈاکٹر امجد ثاقب کو ملکہ برطانیہ کی طرف سے پوئنٹ آف لائٹ ایوارڈ، شواب فاؤنڈیشن اور ورلڈ اکنامک فورم کی جانب سے انٹرپرینر آف دی ایئر 2018، ابوظہبی اسلامک بینک اور تھامس رائٹر کی جانب سے 2014 کا لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اور صدر پاکستان کی طرف سے ستارہ امتیاز جیسے اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔2021 میں ایشیائی نوبل انعام ریمن میگسائی سائی ایوارڈ سے نوازا گیا۔