اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب سے میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ملاقات میں فیک نیوز کے خاتمے کے لیے قانون سازی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیمرا قانون میں مشاورت سے قانون سازی کی جائے گی، پیمرا قانون میں فیک نیوز کے خاتمے کے لئے شق شامل کی جائے گی کیونکہ فیک نیوز سے قومی سلامتی مفادات، عوام کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کا تدارک ہوگا۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں آزادی اظہار کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، صحافت کی موت سیاست اور جمہوریت کی موت ہے، جمہوریت اور آئین کی پیداوار ہی اظہار رائے کی اہمیت اور قدر جانتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاست، صحافت اور عوام پر چار سال قیامت کے گزرے ہیں، چینل، کالم، پروگرام، زبان اور آنکھ بند کرکے قوم کی آزادی چھیننے کی کوشش کی گئی، پیکا آرڈنس اور پی ایم ڈی اے جیسے کالے قوانین سے 22 کروڑ عوام کو غلام بنانے کی سازش کی گئی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ صحافیوں کی معاشی تباہی کا احساس ہے، چاہتے ہیں جلد ان کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کریں، صحافی بے روزگار ہوئے، کئی جان سے گئے، تنخواہیں آدھی ہوگئیں، ان کے خاندان اور بچوں کی تکالیف سے آگاہ ہیں۔
وفاقی حکومت کا فیک نیوز کے خاتمے کیلئے قانون سازی کا فیصلہ








