لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کی زندگی پر بننے والی فلم ’‘ راولپنڈی ایکسپریس ’‘ کا ٹریلر ریلیز کر دیا گیا۔
لوگوں نے ہمیشہ شعیب اختر کو ان کی تیز رفتاری، سفاک باؤنسرز اور میدان میں جارحیت کی وجہ سے پسند کیا اور سابق فاسٹ باؤلر نے پاکستان کی کامیابیوں میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔
ایک سال پہلے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ شعیب اختر کی بائیوپک پر کام جاری ہے اور اس فلم میں معروف اداکار عمیر جسوال راولپنڈی ایکسپریس کا کردار ادا کریں گے۔
خیال رہے کہ یہ رپورٹس بھی سامنے آئی تھیں کہ فلم کی تیاری پر کام روک دیا گیا ہے اور پہلے عمیر جسوال اور پھر شعیب اختر نے تخلیقی اختلافات پر ٹیم سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔
تاہم اب فلم کا آفیشل ٹریلر ریلیز کر دیا گیا ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ’‘ راولپنڈی ایکسپریس ’‘ لازمی ریلیز ہوگی ۔
دوسری جانب فلم کے ٹریلر میں اس بات کی بھی تصدیق ہوئی ہے کہ عمیر جسوال ہی شعیب اختر کا کردار ادا کریں گے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور شعیب اختر نے دسمبر 1997 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔









