اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان اور ایران ایک دوسرے کے ساتھ مشترکہ مذہب، تاریخ، ثقافت اور بھائی چارے کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔دونوں ملکوں کے مابین اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر مشترکہ موقف خوش آئند ہے۔خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تنازعات کا مستقل حل ناگزیر ہے۔القدس شریف پر اسرائیلی تسلط سے واگزار کرنے کے لیے مسلم اُمہ کو مشترکہ کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔کشمیر اور فلسطین میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں انتہائی قابل مذمت ہیں۔پاکستان ایران کے ساتھ توانائی،تجارت اور دیگر اقتصادی شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی خواہش رکھتا ہے۔پارلیمانی سطح پر رابطوں کے فروغ سے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور القدس شریف پر غیر قانونی قبضے کے خاتمے کے لیے امہ کو ملکر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ایرانی سفیر نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔القدس شریف میں جاری غیر قانونی قبضے کے خلاف آج دنیا بھر کے اسلامی ممالک میں القدس کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر خصوصی دن منایا جا رہا ہے۔القدس شریف کی حرمت، تقدس اور اس پر اسرائیلی غیر قانونی قبضے سے واگزار کرنے کے لیے امہ کو مشترکہ کوششیں کرنی ہونگی۔ایران پاکستان کے ساتھ توانائی اور تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتاہے۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سےایرانی سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال








