اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر ) وفاقی ترقیاتی ادارہ ( سی ڈی اے ) ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے واجبات کی ادائیگی کے بغیر سیکٹر ای ٹین کی اراضی کا قبضہ حاصل کرنے کے لئے آپریشن کے دوران اہل علاقہ اور انتظامی ٹیموں کے مابین شدید جھڑپوں کے نتیجے میں متعدد پولیس اہلکار اور علاقہ مکین زخمی ہو گئے ، اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے مین مارگلہ روڈ کو بند کر دیا جس کی وجہ سے مارگلہ روڈ سے ملحقہ علاقوں ایف سیون ، ایف ایٹ ، ایف نائن ، ایف ٹین ، ایف الیون ، جی ٹین اور جی الیون کی ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی اور کئی گھنٹے تک بدترین ٹریفک جام رہا ، جھڑپوں میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں اور علاقہ مکینوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں پر مظاہرین نے شام گئے تک ہسپتال کے باہر بھی احتجاج کیا جس کی وجہ سے بلیو میٹرو بس سروس سمیت ٹریفک روانی بری طرح متاثر ہوئی ۔ تفصیلات کے مطابق سیکٹر ای ٹین کی اراضی کے حصول کے لئے سی ڈی اے ، انتظامیہ اور پولیس نے سنیاڑی ، چونترہ اور میرا بیری کے علاقہ مکینوں سے قبضہ حاصل کرنے کے لئے آپریشن کیا تو علاقہ مکینوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا اور مزاحمت کی گئی ، علاقہ مکینوں نے پتھراؤ کیا اور پولیس کی جانب سے آنسو گیس اور لاٹھی چارج کیا گیا ، علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے مظاہرہ کرتے ہوئے آپریشن روکنے کا مطالبہ کیا ۔ علاقہ مکینوں کی جانب سے مین مارگلہ روڈ پر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک معطل کر دی جس کی وجہ سے اسلام آباد کے ایف سیکٹرز بری طرح متاثر ہوئے اور ایف سکس ، ایف سیون ، ایف ایٹ ، ایف نائن ، ایف ٹین ، جی ٹین اور جی الیون مراکز میں بدترین ٹریفک جام رہا ، مظاہرین سے اظہار یکجہتی کے لئے جماعت اسلامی کے رہنما میاں اسلم نے مظاہرے میں شرکت کی اور کہا کہ گزشتہ ہفتہ فیصل مسجد میں بیٹھ کر سی ڈی اے و سنیاڑی معززین کے ساتھ معاہدہ ہوا تھا ، معاہدہ میں طے ہوا تھا ان کو حقوق دئیے جائیں گے ، جب تک سنیاڑی علاقہ مکینوں کو حقوق نہ ملے ان کے ساتھ کھڑے ہیں ، انتظامیہ بزور بازو علاقہ خالی کروانے سے باز رہے ، میاں اسلم نے کہا کہ نہتے لوگوں پر شیلنگ و فائرنگ کر کے انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی ، سی ڈی اے متاثرین کو پہلے معاوضہ کلیئر کرے ، متبادل رہائش دیں پھر علاقہ خالی کروائیں ۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتہ سی ڈی اے نے چودہ گھر گرائے ، آج سی ڈی اے نے آٹھ گھر گرا دئیے ، مقامی لوگوں کی مزاحمت پر پولیس نے آنسو گیس شیلنگ اور فائرنگ بھی کی ، شیلنگ و فائرنگ سے دو بچے زخمی ہوئے اور ایک نوجوان شدید زخمی ہوا ہے ، مظاہرین نے کہا کہ باپ دادا کی زمینیں ہیں معاوضہ دئیے بغیر سی ڈی اے گاؤں خالی کروا رہا ہے ۔ اس موقع پر پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس نے آپریشن کے لئے سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کی معاونت کی ، آپریشن کے دوران قبضہ مافیا کی طرف سے پولیس پر فائرنگ اور پتھراؤ کیا گیا ۔ فائرنگ سے پولیس سب انسپکٹر طاہر نیازی زخمی ہوئے ۔ پتھراؤ سے متعدد اہلکار زخمی ، متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا ۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ بعدازاں مظاہرین کی جانب سے پمز ہسپتال کے باہر پولیس کی فائرنگ اور مظاہرین پر تشدد کے خلاف بھی احتجاج کیا گیا ۔
اسلام آباد میں پولیس اور علاقہ مکینوں کا تصادم، کئی افراد زخمی








