بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت کی اپنے شہریوں کو کینیڈا کے کچھ علاقوں کا سفر نہ کرنے کی ہدایت

اوٹاوا: کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل پربھارت اور کینیڈا کے درمیان سفارتی تعلقات میں ایک نیا موڑ آیا ہے۔بھارت نے اپنے شہریوں کو کینیڈا کے کچھ علاقوں کا سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کردی۔
فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں سفارتی جھگڑے کا واضح طور پر ذکر کیے بغیر کہا کہ وہ کینیڈا میں ’سیاسی طور پر قابل مذمت نفرت انگیز جرائم اور مجرمانہ تشدد‘ کی وجہ سے اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے فکر مند ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ دھمکیوں نے خاص طور پر انڈین سفارت کاروں اور انڈین کمیونٹی کے ان حصوں کو نشانہ بنایا ہے جو انڈین مخالف ایجنڈے کی مخالفت کرتے ہیں۔ لہذا انڈین شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ کینیڈا کے ان علاقوں اور ممکنہ مقامات کا سفر کرنے سے گریز کریں جہاں اس طرح کے واقعات ہوتے ہیں۔

اس سے قبل کینیڈا کے سینئر سرکاری ذرائع کا کہنا تھا کہ ان کا ملک سکھ رہنما کے قتل میں انڈین ایجنٹ کے ممکنہ طور پر ملوث ہونے کے معاملے پر امریکہ کے ساتھ مل کر ہر پہلو سے جائزہ لے رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کینیڈا کے سرکاری عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’ہم اس معاملے پر امریکہ کے ساتھ مل کر باریک بینی سے کام کر رہے ہیں۔ کینیڈا کے پاس موجود شواہد مناسب وقت پر شیئر کیے جائیں گے۔
کینیڈا نے سکھ علیحدگی پسند رہنما کے قتل میں مبینہ طور پر انڈین حکومت کے ملوث ہونے کے الزامات کی تحقیقات کرتے ہوئے ایک اعلیٰ بھارتی سفارت کار کو ملک بدر کر دیا تھا۔
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کینیڈین انٹیلی جنس الزامات کا جائزہ لے رہی ہے۔
انڈیا نے اس دعوے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے جوابی اقدام کے طور پر کینیڈین سفارت کار کو ملک چھوڑنے کے لیے پانچ دن کی مہلت دی تھی۔
اس تنازع نے دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کو دھچکا پہنچایا ہے جو برسوں سے کشیدہ ہیں کیونکہ نئی دہلی کینیڈا میں سکھ علیحدگی پسندوں کی سرگرمیوں پر ناخوش ہے۔
منگل کو امریکی حکام نے کہا تھا کہ وہ کینیڈا کی تحقیقات کی حمایت کرتے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر عہدیدار نے بتایا کہ ہم اس معاملے پر اپنے کینیڈین ساتھیوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔ ہمیں الزامات کے حوالے سے کافی تشویش ہے۔ ہمارے خیال میں یہ ضروری ہے کہ مکمل تحقیقات ہو اور ہم انڈین حکومت سے اس تحقیقات میں تعاون کرنے کی درخواست کریں گے۔