اسلام آباد: پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ سابق کابینہ میں شامل کچھ ارکان اب بھی نگراں کابینہ کا حصہ ہیں، ان ارکان کی موجودگی پرسوال اٹھتے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے بتایا کہ کچھ لوگوں نے اب تک سرکاری گھر خالی نہیں کئے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا کوئی شخص نگراں کابینہ میں شامل نہیں ہے۔ نگراں حکومت سیاسی جماعتوں سے دور رہتی ہے۔
شیری رحمان نے کہا کہ ن لیگ کے کچھ لوگ نگراں کابینہ میں شامل ہیں، ایسا نہیں ہوتا کہ کچھ لوگ کابینہ میں شامل رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت نے ایک صوبے کے فنڈز روک دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شکایت حریف سے نہیں ہوتی، اگر ہم دعوت میں ساتھ ہوں، باہر ساتھ آنا ہو اور آپ اندر رہ جائیں تو یہ رویہ درست نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں ہونے چاہئیں۔








