اسلام آباد(صغیر چودھری)اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 8 ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس کو سیل کر دیا ہے۔
اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کی انسپکشن ٹیموں نے گزشتہ چار ہفتوں کے دوران اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 100ہسپتالوں، لیب اور کلینکس(ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس) کا معائنہ کیا۔
پرفیکٹ لیب، نیشنل ہسپتال روات، دعوت فارمیسی اینڈ ہیلتھ کلینک، فیملی کلینک، جہانگیر امان ڈینٹل کیئر، باب المدینہ کلینک اینڈ لیبارٹری، الرحیم میڈیکل سنٹر، بلال کلینک کواہل طبی عملے کی عدم موجودگی، صحت و صفائی کے ناقص انتظامات، معیاد ختم ہونے والی دوائیں اور استعمال شدہ سرنجیں اور مناسب ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کی عدم موجودگی، اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے ساتھ رجسٹرڈ نہ ہونا اور اتھارٹی کی جانب سے معطلی کے احکامات کے باوجود طبی سہولت کو فعال رکھنے کی وجہ سے سیل کر دیا گیا۔
اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے مختلف طبی عدم تعمیل پر چار ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹ کی خدمات معطل کر دیں۔ ہاشم میڈیکل سینٹر، اسلام آباد انٹرنیشنل اسپتال اینڈ ریسرچ سینٹر، حسنین میڈیکل سینٹر، حارث میڈیکل اینڈ ڈینٹل کمپلیکس کو معطل کردیا گیا۔
55 ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹ کو معمولی عدم تعمیل کے لیے نوٹس بھیجے گئے اور انسپکشن ٹیم کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ معائنہ ٹیموں کی آمد پر 26 ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس بند پائے گئے۔ 7 ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹ کی رجسٹریشن اور معطل خدمات کو منسوخ کرنے کی سفارش کی گئی۔
اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کی انسپکشن ٹیموں نے BHU پھلگراں، RHC ترلائی، CHC شاہ اللہ دتہ سمیت مختلف پبلک سیکٹر ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس کا دورہ بھی کیا اور انسپکشن ٹیموں کی طرف سے بہتری کے لیے دی گئی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی۔
آئی ایچ آر اے کی انسپکشن ٹیموں نے راول جنرل اینڈ ڈینٹل ہسپتال کے بلڈ بینک، شفا انٹرنیشنل ہسپتال، میڈیکسی، پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (PRCs)، CDC، وطیم جنرل اور ڈینٹل ہسپتال کے بلڈ بینکس کا بھی دورہ کیا۔
اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ بلڈ بینکس خون کی مصنوعات کی محفوظ اور مؤثر ہینڈلنگ کریں جو کہ مریضوں کی صحت کے لیے بہت ضروری ہے۔
اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 8 ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس سیل








