بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

’’باجوہ کوتوسیع کی حمایت،اب بیانیہ میں مخالفت‘‘

اسلام آباد(طارق محمود سمیر)مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نوازشریف ایک مرتبہ پھر اپنے بیانیہ پر ڈٹ گئے ہیں اوران کی 21اکتوبر کو وطن واپسی سے پہلے تمام صورتحال کا تفصیلی جائزہ لے لیا گیا ہے جبکہ (ن) لیگ کے صدر سابق وزیراعظم میاں شہبازشریف نے گوجرانوالہ میں کسی اہم شخصیت سے ملاقات کی افواہوں کی سختی سے تردید کر دی ہے اور مریم نواز نے اپنے والدکے تاریخی استقبال کی نوید سنا دی ہے اور ساتھ ہی یہ بھی کہہ دیا ہے کہ یہ نوازشریف کی آخری جلا وطنی ہے۔ میاں محمد نوازشریف جو اکتوبر 2019سے برطانیہ میں مقیم ہیں اور وہ جیل سے بیمار ہونے پر ہسپتال منتقل ہوئے اور ہسپتال سے پھر چار ہفتے کے لئے لندن میں چیک اپ کرانے گئے لیکن یہ چار ہفتے چار سال بن گئے ۔ میاں نوازشریف کی وطن واپسی کی پہلے بھی بہت تاریخیں دی گئی اس میں سب سے بڑی رکاوٹ 16ستمبر کو اس وقت دور ہوئی جب سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال ریٹائر ہوئے تو ن لیگ کی قیادت نے کسی حد تک سکھ کا سانس لیا اور نوازشریف کی 21اکتوبرکی واپسی کی حتمی تاریخ دی گئی ۔ تاہم گزشتہ تین دنوں میں میاں نوازشریف نے کچھ ایسے بیانات دیئے جس میں حکومت ملنے کی صورت میں 2017 میں ان کی نااہلی اور جیل بھجوانے کے سازش کے کرداروںکوکٹہرے میں لانے کا جو بیانیہ دیا گیا اس پر مختلف حلقوںکی طرف سے اعتراضات اور تحفظات کی قیاس آرائیاں سامنے آئیں اور میڈیا میں بہت سی باتیںکی گئیں ، ان افواہوںکو اس وقت تقویت ملی جب میاں شہبازشریف جو ایک ماہ قیام کرکے لندن سے وطن واپس آئے تھے انہیں 48گھنٹوں بعد ہی دوبارہ لندن بلا لیا گیا اور یہ تاثر دیا گیا کہ نوازشریف کی طرف سے سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ ، سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید ، سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار ، جسٹس(ر)آصف سعید کھوسہ اور سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس اعجازالاحسن کا نام لیا گیا ۔ لندن پہنچنے پر شہبازشریف نے ان افواہوںکی تردیدکی اورکہا کہ نہ وہ گوجرانوالہ گئے اور نہ ہی کسی سے ملاقات ہوئی، لندن نوازشریف کے بلانے پر آیا ہوںکسی کا پیغام لیکر نہیں آیا۔ شہبازشریف کی تردید اپنی جگہ لیکن پاکستان کے صحافتی حلقوں میں یہ بات گردش کر رہی ہے کہ نوازشریف کے بیانیے پر تحفظات ظاہر کئے گئے ہیں ۔ لندن میں جمعہ کو جوں ہی اجلاس شروع ہوا تو ایک بیان جاری کیا گیا جس میں نوازشریف کی طرف سے اسی بیانیے کو دہرایا گیا جس سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ میاں نوازشریف سابق اسٹیبلشمنٹ سے متعلق اپنے بیانیے پر ڈٹ گئے ہیں، حالانکہ 2019 میں جب جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کو عمران خان کے دور حکومت میں تین سال کی توسیع دی جارہی تھی تو (ن) لیگ نے نوازشریف کی ہدایت پر غیر مشروط حمایت کی تھی اور اب رانا ثناء اللہ نے اس بات کا اعتراف کر لیا ہے کہ باجوہ کی توسیع کی حمایت اس لئے کی گئی تھی تاکہ عمران خان کو اقتدار سے نکالنے میں سابق آرمی چیف مددکر سکیں ۔ رانا ثناء اللہ کے اس اعترافی بیان کے بعد تحریک انصاف یہ موقف اختیار کر رہی ہے کہ رانا ثناء اللہ نے تحریک انصاف کے موقف کی تائیدکر دی ہے اور عمران خان تسلسل سے یہ کہتے رہے ہیں کہ ان کی حکومت گرانے میں سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کا ہاتھ ہے۔ علاوہ ازیںن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نوازبھی لندن کے اجلاس میں خصوصی طور پر شریک ہیں اورانہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یہ کہا ہے کہ نوازشریف کی چالیس سالہ سیاسی زندگی میں گیارہ سال وہ جلاوطن رہے اب ان کی وطن واپسی کی تاریخ حتمی ہے اورمیں امیدکرتی ہوں کہ یہ ان کی آخری جلاوطنی ہو گی۔ مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ نوازشریف کی وطن واپسی پر ان کا تاریخی استقبال ہو گا اور اس کے لئے (ن) لیگ کے رہنما اور کارکن متحرک ہو رہے ہیں ۔
تجزیہ