نئی دہلی (نیوزڈیسک)جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والے بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار، فلم ساز، اسکرین رائٹر اور سیاستداں کمل ہاسن ایک جانب فلموں میں نئی اختراع کے حوالے سے مشہور ہیں تو دوسری جانب اپنی ذاتی زندگی کے معاملات پر اکثر متنازع ریمارکس کی وجہ سے میڈیا پر بھی نظر آتے ہیں۔
کئی برس قبل وہ اس وقت خبروں کی شہ سرخیوں میں نظر آئے جب انہوں نے مبینہ طور پر دعویٰ کیا تھا کہ انکی سابقہ اہلیہ ونی گنپتھی سے علیحدگی کے بعد وہ دیوالیہ ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ کمل ہاسن اور ونی نے 1975 کی تامل فلم میلنتو مرومگل میں ایک ساتھ کام کیا جس کے بعد 1978 میں دونوں نے شادی کرلی تھی، تاہم 1988 میں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی۔
جس کے بعد 2015 میں ونی نے تامل اور ہندی فلموں کے سپر اسٹار سے الگ ہونے کے معاملے پر اپنی خاموشی توڑی اور کمل ہاسن کے اس دعویٰ کا جواب دیا جس میں انہوں نے اپنے دیوالیہ ہونے کا ذکر کیا تھا۔
ونی نے اپنے اس پرانے انٹرویو میں کہا تھا کہ ہماری طلاق کو 28 برس ہوگئے لیکن میں خاموش رہی کیونکہ یہ بہت ذاتی معاملہ ہوتا ہے، لیکن اب میں نے اس لیے خاموشی توڑی کہ دوسرے یہ نہ سمجھیں کہ میری مستحکم مالی حیثیت کی وجہ طلاق سے ملنے والی رقم تھی۔
ونی نے کمل ہاسن کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ بالکل غلط ہے، دراصل انکی انا اس وقت مجروح ہوئی جب میں نے ان سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا، ہمارا ازدواجی تعلق 12 برس میں ختم ہوا اس لیے میں انہیں اچھی طرح جانتی ہوں۔
یاد رہے کہ ونی سے قطع تعلق کے بعد کمل ہاسن نے اداکارہ ساریکا سے تعلقات استوار کیے، جن سے کمل کی دو بیٹیاں شرتی اور اکشرا ہاسن ہیں۔
طلاق کے بعد دیوالیہ ہونے کے کمل ہاسن کے دعوے جھوٹے ہیں، سابق اہلیہ
