لاہور: آنکھوں کی بیماری کےعلاج کے لیے غیر معیاری انجکشن کے استعمال سے پنجاب بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ستتر ہو گئی۔ پیپلزپارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے سوال اٹھایا ہے کہ امریکا اور بھارت میں بین انجکشن پاکستان کیسے آگیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق انجکشن سے متاثرہ 77 افراد میں سے لاہور میں 25، ملتان میں 19، بہاولپور17 اور قصور سے تعلق رکھنے والے 4 افراد شامل ہیں جبکہ رحیم یارخان، خانیوال، میاں چنوں اور جھنگ میں 3 ، 3 افراد متاثر ہوئے۔
پیپلزپارٹی کے رہنما چوہدری منظور نے کہا ہے کہ یہ انجکشن ان کو لگتا ہے جن کی بینائی کم ہو رہی ہو میرے بھائی کو بھی لگا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بات یہ ہے کہ یہ انجکشن 2011 میں امریکا میں بین ہوا اور اسی انفیکشن کی وجہ سے 2016 میں انڈیا میں بھی بین ہوا تو پاکستان میں کیسے آگیا۔
پنجاب میں شوگر کے غیر معیاری انجیکشن سے لوگوں کی بینائی متاثر ہونے پر نگراں وفاقی وزیر صحت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کی ہدایت کی۔