راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے فضائی مشق انڈس شیلڈ کے مشاہدے کے لیے پاک فضائیہ آپریشنل ایئر بیس کا دورہ کیا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے انڈس شیلڈ 2023ء فضائی مشق کا معائنہ کیا، اس موقع پر ترکی، آذربائیجان اور ہنگری کے ایئر چیفس بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے، مہمان ایئر چیفس نے 14 ملکی میگا فضائی مشق کا مشاہدہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی آمد پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے استقبال کیا، آرمی چیف کا تعارف غیر ملکی معززین اور پاک فضائیہ کے پرنسپل سٹاف آفیسرز سے کرایا گیا۔
آرمی چیف کو ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلینس کی تربیتی سہولت اور مشق کے بارے میں بریفنگ دی گئی، مشقوں کا مقصد فضائی جنگ کے جدید تصورات کو مستحکم کرنا، باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔









