اسلام آباد(ممتازنیوز ) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی،ملاقات کے دوران نگراں وزیر مرتضیٰ سولنگی نے پاکستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے نگراں حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں شفاف طرز حکمرانی اور جمہوری عمل کی بنیاد کے طور پر مکالمے اور معلومات تک عوامی رسائی کو آسان بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ، محمد صادق سنجرانی نے متحرک اور غیر جانبدار میڈیا کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جمہوریت کی بنیادی اقدار کو برقرار رکھنے میں میڈیا کا کردار اہم ہے۔ باخبر عوام ہی حکومت کو جوابدہ ٹھہراتے ہوئے حکومتی معاملات کو شفاف تر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ کے مطابق میڈیا شہریوں کو درست، بروقت اور غیر جانبدارانہ معلومات فراہم کر کے انہیں اپنے حقوق کے متعلق آگاہی فراہم کرتا ہے۔
جمہوریت کی بنیادی اقدار کو برقرار رکھنے میں میڈیا کا کردار اہم ہے،صادق سنجرانی








