اسلام آباد(ممتازنیوز)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ ہر ملک کے قانون کا احترام اُس کے شہریوں کے ساتھ ساتھ اس ملک میں رہنے والے ہر فرد پر فرض ہے۔ افغان شہری ہو یا پاکستانی، پاکستان کا قانون سب پر یکساں لاگو ہوتا ہے۔ باچا خان مرکز پشاور سے جاری اپنے بیان میں امیر حیدر خان ہوتی کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین با امر مجبوری پاکستان سمیت دیگر ممالک میں زندگی بسر کررہے ہیں، اس خطے میں گزشتہ پچاس سال سے آگ لگی ہوئی ہے اور عالمی طاقتوں نے افغان سرزمین کو میدان جنگ بنایا ہوا ہے۔ غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین بارے حکومت پاکستان کا فیصلہ اگر چہ جلد بازی پر مبنی ہے لیکن عوامی نیشنل پارٹی کی ریاستی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ ہوگا کہ جنگ زدہ افغان مہاجرین کیلئے جتنا ہوسکے ریلیف دیا جائے، انسانی حقوق کا خیال رکھا جائے اور غیر رجسٹرڈ مہاجرین کے نام پر افغانوں اور پشتونوں کو تنگ کرنے سے گریز کیا جائے۔اس کے ساتھ ساتھ ہم یہ بھی مطالبہ کرینگے کہ غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کیلئے بھی کوئی طریقہ کار بنایا جائے تاکہ اگر کوئی یہاں قانونی طریقے سے رہنا چاہتا ہو تو اُس کو یہ حق حاصل ہو۔ مرکزی سینئر نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی سے متلعق اے این پی کی پالیسی روز اول سے واضح ہے، دہشتگرد دہشتگرد ہوتا ہے اور اس کا تعلق نہ کسی مذہب سے ہوتا ہے اور نہ ہی خاص قوم سے۔ اگر افغان مہاجرین کا لبادہ اوڑھ کر کوئی دہشتگردی میں ملوث ہے تو اُن کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کی جائے لیکن اس کی آڑ میں بے گناہ اور معصوم پشتونوں کو ہراساں کرنا بھی برداشت نہیں کرینگے۔
غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین بارے حکومت پاکستان کا فیصلہ جلد بازی پر مبنی ہے، امیر حیدر خان ہوتی








