سربراہ عوامی مسلم لیگ ( اے ایم ایل ) اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لئے پہنچ گئے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے گزشتہ ہفتے لال حویلی سے متعلق کیس کا فیصلہ آنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ عدالتی حکم کے بعد لال حویلی کو ڈی سیل تو کر دیا گیا ہے تاہم، میں اپنی رہائش گاہ جانے سے پہلے تبلیغی اجتماع میں شرکت کروں گا۔
جمعہ کو ، سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر شیخ رشید احمد کے ویریفائڈ اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو جاری کی گئی جس میں انہیں تبلیغی جماعت کے اجتماع میں شریک ہوتے دیکھا گیا۔
ایکس پر جاری کردہ ویڈیو کے کیپشن میں تحریر کیا گیا کہ ’’ سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی رائیونڈ تبلیغی اجتماع میں شرکت ‘‘۔
لاہور : سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی رائیونڈ تبلیغی اجتماع میں شرکت pic.twitter.com/EGER9KOeSw
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) November 3, 2023
ویڈیو میں شیخ رشید احمد کو اجتماع کے دیگر شرکاء کے ساتھ چلتے دیکھا گیا جبکہ اس موقع پر انہوں نے سر پر سفید رنگ کی ٹوپی بھی پہن رکھی تھی۔
اجتماع میں شرکت کے موقع پر وہاں موجود شرکاء کی جانب سے سابق وفاقی وزیر کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائی گئیں۔
لاہور : سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی رائیونڈ تبلیغی اجتماع میں شرکت pic.twitter.com/pkUW0ZmXS8
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) November 3, 2023
یاد رہے کہ شیخ رشید احمد گزشتہ ماہ چند روز غائب رہنے کے بعد اچانک سماء ٹی وی کے اینکر اور سینئر صحافی منیب فاروق کے پروگرام میں شریک ہوئے تھے اور انہوں نے اپنے غائب رہنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ’’ 40 روزہ چلے ‘‘ پر گئے تھے۔









