اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہبازشریف اور ان کے وفد کو حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران ملنے والے تحائف کی تفصیلات منظرعام پر آگئیں۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کو گھڑی،انگوٹھی ،اسٹڈ ،قلم،سونے،ہیروں سے بنی تسبیح ملی،اس کے علاوہ شہد، زیتون اور کھجوریں بھی تحفے میں دی گئیں۔اسی طرح وزیرخارجہ بلاول بھٹو کو گولڈ رولیکس واچ،شہد،کھجوریں اور زیتوں کا تیل تحفے میں ملا۔وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل اور وزیردفاع خواجہ آصف ،شاہ زین بگٹی اور چودھری سالک حسین کو گولڈرولیکس واچ،کھجوریں ،شہد اور زیتون کا تیل تحفے کے طور پر دیا گیا۔وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کو ڈائمنڈ گولڈرولیکس واچ ، شہد،کھجور اور زیتون کاتحفہ دیاگیا۔ حافظ طاہر اشر فی کو سونے کی گھڑی، شہد کھجور، زیتوں کے تیل کا تحفہ ملا۔ آغاحسن ،سہیل محمود کو بھی گولڈرولیکس واچ ،شہد،زیتون اور کھجوریں دی گئیں۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم اور وفد کے ارکان میں سے کسی نے بھی تحائف توشہ خانے میں جمع نہیں کرائے۔رپورٹ کےمطابق اس حوالے سے مریم اورنگزیب سے تحائف کی تفصیلات کے بارے میں دریافت کیا گیا تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا،اسی طرح بلاول بھٹو کے ترجمان اور حافظ طاہر اشرفی نے بھی کوئی جواب نہیں دیا ۔کابینہ سیکرٹری سے بھی اس بارے میں پوچھا گیا لیکن انہوں نے بھی جواب نہیں دیا۔واضح رہے کہ رولیکس گھڑی کی قیمت 50ہزار ڈالرسے ایک لاکھ ڈالر تک ہے۔
وزیراعظم اور انکے وفد کودورہ سعودی عرب میں ملنے والے تحائف کی تفصیلات سامنے آگئیں








