بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایچ بی ایل پی ایس ایل2؛ پشاور زلمی میلہ لوٹنے میں کامیاب رہی

لاہور: ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دوسرے ایڈیشن میں پشاور زلمی میلہ لوٹنے میں کامیاب رہی جب کہ لاہور میں کھیلے جانے والے یکطرفہ فائنل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 58رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل ٹو کے تمام میچ یواے ای میں کھیلے گئے،صرف فائنل کا انعقاد لاہور میں کیا گیا،پشاور زلمی نے 4 فتوحات اور ایک بے نتیجہ میچ کی بدولت پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پر جگہ بنائی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بھی 9ہی پوائنٹس تھے مگر نیٹ رن ریٹ کم ہونے کی وجہ سے دوسرے نمبر پر رہے۔

کراچی کنگز (8)تیسرے اور اسلام آباد یونائیٹڈ(8)چوتھے نمبر پر تھے،لاہور قلندرز 6پوائنٹس کے ساتھ پلے آف مرحلے سے باہر ہوگئے،کوالیفائر میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو ایک رن سے مات دیکر براہ راست فائنل میں جگہ بنائی۔

ایلمنیٹر ون میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 44رنز سے زیر کرلیا مگر دوسرے ایلمنیٹر میں پشاور زلمی نے 24رنز سے شکست دیکر گھر واپسی کا راستہ دکھایا،قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میں یکطرفہ مقابلے کے بعد پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پر 58رنز سے فتح کے ساتھ ٹائٹل پر قبضہ جمالیا،فاتح ٹیم نے 6وکٹ پر 148رنز کا مجموعہ حاصل کیا،کامران اکمل کے 40رنز شامل تھے۔

ریاد ایمرٹ نے 3شکار کیے،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز صرف 90پر ڈھیرہوگئے،محمد اصغر نے 3وکٹیں اڑائیں، سنچری سمیت ایونٹ کے ٹاپ اسکوررکامران اکمل (353)بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے،انھوں نے وکٹوں کے پیچھے 12شکار بھی کیے،سہیل خان نے سب سے زیادہ 16وکٹیںحاصل کیں، اسپرٹ آف دی کرکٹ ایوارڈ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دیا گیا۔

فائنل میں ناقابل شکست 28رنز بنائے والے پشاورزلمی کے کپتان ڈیرن سیمی تماشائیوں کی آنکھ کا تارا بنے رہے،میچ کے لاہور میں کامیاب انعقاد سے غیر ملکی کرکٹرز اور پھر ٹیموں کی پاکستان آمد کیلیے راہ ہموار ہوئی۔