بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اقوام عالم یاسین ملک کے خلاف بھارتی کٹھ پُتلی عدالت کے فیصلہ کا نوٹس لے،سپیکر قومی اسمبلی

اسلا م آباد(نیوز ڈیسک )اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کو بھارت کی کٹھ پتلی عدالت کی طرف سے عمر قید کی سزا دینے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستانی قوم یاسین ملک سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بھارتی کٹھ پُتلی عدالت کا یکطرفہ فیصلہ کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتا، یاسین ملک کیس میں ثبوت اور گواہی کے بغیر سزا دے کر انصاف کا گلا گھونٹا گیا ہے، یاسین ملک کے خلاف عدالتی فیصلے نے بھارت میں نام نہاد عدالتی نظام کو بے نقاب کر دیا ہے، یکطرفہ انصاف نام نہاد اور فاشسٹ بھارتی جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے، بزدل بھارتی حکومت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے یاسین ملک کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتی۔انہوں نے کہا کہ ملک نے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرکے حق اور سچ کا پرچم سربلند کیا، پوری پاکستانی قوم یاسین ملک کے ساتھ ہے، یاسین ملک مظلوم کشمیریوں کی مضبوط آواز ہیں جسے دبانا ممکن نہیں، اقوام عالم یاسین ملک کے خلاف بھارتی کٹھ پُتلی عدالت کے فیصلہ کا نوٹس لے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اب وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہو گا، پاکستانی حکومت، پارلیمان اور عوام کشمیریوں بھائیوں اور بہنوں، بزرگوں اور بچوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، پاکستانی قوم کشمیر کی آزادی تک کشمیری عوام کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔