اسلام آباد (ممتازنیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور پاسکو سے متعلق اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں وییٹ (Wheat) بورڈ کی ری اسٹرکچرنگ کی منظوری دی گئی ،وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گندم اور دیگر فصلوں کی پیداوار میں اضافے کے لئے مؤثر اقدامات کئے جائیں،وییٹ بورڈ میں کسانوں کےنمائیندوں کو شامل کیا جائے۔
وزیراعظم نے وییٹ بورڈ میں لینڈ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم اور سپارکو کے نمائندگان کو شامل ، پاسکو کی نجکاری کے حوالے سے لائحہ ء عمل تیار کرنے کی ، وفاقی حکومت کی گندم کی خریداری کے حوالے سے متبادل حکمت عملی ترتیب دینے اور اس حوالے سے صوبوں ، گلگت بلتستان ، آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں اور دیگر متعلقہ اداروں سے مشاورت کی ہدایت کی۔اجلاس کو وییٹ بورڈ کی ری اسٹرکچرنگ اور ٹی او آرز ، گندم اور دیگر فصلوں کی پیداوار بڑھانے اور پاسکو میں اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک ،ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔









