بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پیرس اولمپکس، جاپان 6 گولڈ میڈل کے ساتھ پہلے نمبر پر

پیرس اولمپکس میں میڈلز جیتنے کی جنگ جاری ہے، جاپان 6 گولڈ میڈل کے ساتھ پہلے، میزبان فرانس 5 گولڈ میڈلز کے ساتھ دوسرے جبکہ چین 5 گولڈ میڈل کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

تیسرے روز آرچری میں کورین کھلاڑیوں کی بالادستی برقرار رہی، برطانیہ نے بھی گولڈ میڈلز کا کھاتہ کھول لیا، جرمن رائیڈر مائیکل نے کیریئر کا تیسرا اولمپک گولڈ میڈل جیت کر ایکسوٹرئین میں نیا ریکارڈ بنادیا۔

پیرس اولمپکس میں مقابلوں کے تیسرے روز وویمن 10 میٹر ایئر رائفل میں کوریا کی بین ہیون نے اولمپک ریکارڈ برابر کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا، سولہ سالہ ایتھلیٹ نے دو سو اکیاون اعشاریہ آٹھ پوائنٹس اسکور کیے۔

مینز 10 میٹر ایئر رائفل میں چین کے شینگ لی ہاؤ نے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا، سوئیڈن نے چاندی اور کروشیا نے برانز میڈل جیتا، مینز ڈائیونگ کے 10 میٹر سنکورانائزڈ پلیٹ فارم میں چین نے سونے، برطانیہ نے چاندی اور کینیڈا نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

ایکوسٹرین کے ٹیم جمپنگ ایونٹ میں برطانیہ نے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا، پیرس اولمپکس میں یہ برطانیہ کا پہلا گولڈ میڈل تھا، برطانیہ نے دوسرا گولڈ مینز سائیکلنگ ماؤنٹین بائیک کے کراس کنٹری ایونٹ میں تھامس پڈکاک کی کامیابی کے ساتھ جیتا، اس ایونٹ میں فرانس نے چاندی اور جنوبی افریقا نے کانسی کا تمغہ جیتا۔

ایکوسٹرین کے انفرادی جمپنگ فائنل میں جرمنی کے مائیکل جنگ نے گولڈ میڈل جیتا جس کے ساتھ وہ تین اولمپک گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے رائیڈر بن گئے۔

مینز ٹیم آرچری کا گولڈ میڈل جنوبی کوریا کے نام رہا جس نے میزبان فرانس کو پانچ، ایک کے اسکور سے ہرایا، ترکیے نے برانز میڈل جیتا، فرانس نے مینز سنگلز کینوئنگ سیلالوم میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا، برطانیہ نے چاندی اور سلواکیہ نے کانسی کا تمغہ جیتا۔

ٹیبل پر کینیڈا نے بھی گولڈ کا کھاتہ کھول لیا، اُس نے جوڈو کے وویمن 57 کلو گرام میں کرسٹا ڈیگیوچی کے ذریعے سونے کا تمغہ جیتا، اولمپکس کی تاریخ میں کینیڈا کا جوڈو کے مقابلوں میں یہ پہلا گولڈ میڈل ہے، کوریا نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔

مینز اسکیٹ بورڈنگ میں جاپان کے ہوری گومی یوٹو نے اپنے ملک کے لیے گولڈ میڈل جیتا، دوسری اور تیسری پوزیشن امریکا کی رہی، جوڈو کے مینز 73 کلو گرام میں آذربائیجان کے ہدایت حیدروف نے سونے کا تمغہ جیتا جبکہ فرانس کے یوہان بینجمن چاندی کے تمغے کے حقدار ٹھہرے۔

مینز ٹیم آرٹسٹک جمناسٹک کا گولڈ میڈل جاپان نے جیتا، چین دوسرے اور امریکا تیسرے نمبر پر رہا، سوئمنگ کے وویمن چار سو میٹر کے انفرادی میڈل میں کینیڈا کی سمر میکنٹوش نے گولڈ میڈل جیتا، امریکا کی کیٹی گرائمز اور ایما ویانٹ نے چاندی اور کانسی کے تمغے جیتے۔

مینز دو سو میٹر فری اسٹائل سوئمنگ میں رومانیہ کے ڈیوڈ پوپووچی نے سونے کا تمغہ جیتا، پیرس اولمپک میں یہ رومانیہ کا پہلا گولڈ ہے، برطانیہ کے میتھیو رچرڈز دوسرے اور امریکا کے لیوک ہوبسن تیسرے نمبر پر رہے۔

خواتین کی سو میٹر بریسٹ اسٹروک میں جنوبی افریقا کی تاتیانا اسمتھ نے سونے کا تمغہ جیتا، چین کی ٹینگ کیانٹنگ نے چاندی اور آئرلینڈ کی مونا میک شیری نے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا، وویمن فینسنگ کی انفرادی سیبر باؤٹ میں فرانس کی مینن ایپتھی نے گولڈ میڈل جیتا، اسی ایونٹ میں فرانس کی سارہ بیلزر نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔

دن کے آخری گولڈ میڈل کا فیصلہ بھی فینسنگ میں ہوا جس میں مینز انفرادی فوائل باؤٹ میں ہانگ کانگ کے چیونگ کالونگ نے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا، اٹلی کے فلیپو ماچی چاندی کا تمغہ حاصل کرسکے۔