لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) ٹرین میں خاتون سے مبینہ زیادتی کے واقعہ کے بعد وزیر اعظم کی ہدایت پر ریلوے پولیس میں لیڈی فورس بنانے پر غور شروع کر دیا گیا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق خواتین مسافروں کی سکیورٹی کیلئے”سفرسہیلی”ایپ لانچ کرنےکی تجویز دی گئی ہے ، تجویز میں کہا گیا کہ پرنٹ شدہ ٹکٹوں پرایپ ڈاؤن لوڈکرنےکی ہدایات ہوں گی، ٹکٹوں پرایمرجنسی نمبربھی پرنٹ کیاجائےگا۔
تجویز میں کہا گیا کہ ٹرینوں میں ایمرجنسی بٹن نصب کیےجائیں گے، تمام ریلوےاسٹیشنزپرویڈیوکیمرےبھی نصب کیےجائیں گے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل ملتان سے کراچی جانے والی زکریا ایکسپریس میں ٹرین عملے نے مبینہ طور پر خاتون کیساتھ زیادتی کی تھی ، میڈیکل میں خاتون کیساتھ زیادتی ثابت ہو گئی ہے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق خاتون اپنے سسرال مظفر گڑھ سے کراچی جا رہی تھی، اورنگی ٹاون کراچی کی رہائشی خاتون کو دوران سفر ٹکٹ چیکر ‘انچارج اور ایک شخص نے زیادتی کا نشانہ بنایا جب کہ واقعہ میں ملوث ٹرین کا عملہ فرار ہوگیا ہے ۔
کراچی کے سٹی سٹیشن پولیس نے خاتون کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے جس کے مطابق متاثرہ خاتون کا سسرال مظفر گڑھ ہے، اس کے شوہر نے ڈیڑھ ماہ قبل اس کو طلاق دی، وہ اپنے بچوں سے ملنے 26 مئی کو مظفرگڑھ پہنچی،27 مئی کو واپس زکریا ایکسپریس کے ذریعے کراچی کے لیے روانہ ہوئی، سٹیشن پر اس کو ٹکٹ نہیں ملا،ٹرین میں اکانومی کلاس کا ٹکٹ بنوا کر اس نے سفر شروع کردیا ،ٹرین جب روہڑی سے روانہ ہوئی تونجی شعبے کے ٹکٹ چیکر زاہد نے خاتون کو کہا کہ وہ اس کو اے سے بوگی کی برتھ لے کر دے سکتاہے اور اس نے انچارج عاقب سے ملوایا اور اس کو اے سی بوگی کے ایک کمپارٹمنٹ میں لے گیا۔









