پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے گزشتہ 5 سال کے دوران مختلف فیڈریشنز اور ایتھلیٹس کو جاری کیے گئے فنڈز کی تفصیلات شیئر کردیں۔
پی ایس بی نے مالی سال 2019/20 سے لے کر مالی سال 2023/24 تک کے فنڈز کی تفصیلات ویب سائٹ پر شیئر کیں جس کے تحت بورڈ سے جاری فنڈز کا بڑا حصہ گزشتہ 2 سال میں دیا گیا ہے۔
بورڈ کی جانب سے گزشتہ 5 سال کے دوران مختلف فیڈریشنز کی جانب سے 1 ارب سے زائد کے فنڈز دیے گئے ہیں۔
پی ایس بی دستاویزات کے مطابق مالی سال 2023/24 میں مختلف فیڈریشنز اور کھلاڑیوں میں 50 کروڑ سے زائد، 2022/23 کے دوران 42 کروڑ سے زائد، 2020/21 میں سوا 4 کروڑ، 2021/22 میں فیڈریشنز کو6 کروڑ 95 لاکھ اور 2019/20 میں صرف ڈھائی کروڑ جاری کیے گئے۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ہاکی فیڈریشن کو 5 سالوں کے دوران 10 کروڑ 36 لاکھ روپے ادا کیے، پچھلے مالی سال پی ایچ ایف کو 5 کروڑ 90 لاکھ سے زائد اور ایتھلیٹکس فیڈریشن کو 10 کروڑ سے زائد دیے گئے جبکہ اسی طرح سال 2023/24 میں والی بال فیڈریشن کو 10 کروڑ کی گرانٹ جاری کی گئی جب کہ گزشتہ 5 سال میں والی بال فیڈریشن کو ساڑھے 11 کروڑ سے زائد فنڈز ملے۔
ایتھلیٹ فیڈریشن پاکستان کو مالی سال 2023/24 میں 7 کروڑ، نیٹ بال فیڈریشن کو 5 سال میں 7 کروڑ اور نیٹ بال فیڈریشن کو پچھلے 2 سال میں ساڑھے 6کروڑ، تائی کوانڈو فیڈریشن کو 5 سال میں 6 کروڑ اور ٹینس فیڈریشن کو 4 کروڑ 86 لاکھ روپے کی فنڈنگ دی۔
دوسری جانب اسکواش فیڈریشن کو گزشتہ 5 سال کے دوران 5 کروڑ روپے ادا کیے گئے، رائفل ایسوسی ایشن کو 2 کروڑ 65 لاکھ، باکسنگ فیڈریشن کو 3 لاکھ، پاکستان بلیئرڈز اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کو پچھلے 5 سال میں 2 کروڑ 47 لاکھ اور سائیکلنگ فیڈریشن کو پونے 4 کروڑ کے لگ بھگ فنڈز ملے۔









