ڈھاکا(سپورٹس ڈیسک ) جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز کھیلنےکے لیےبنگلا دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شکیب الحسن کو گرین سگنل مل گیا۔
شکیب الحسن ایک قتل کے مقدمے میں نامزد ہونے کے بعد وطن واپس نہیں گئے تھے، تاہم پاکستان کے خلاف سیریز کے بعد وہ انگلینڈ گئے اور پھر بھارت میں اپنی ٹیم کو جوائن کیا۔
بی سی بی کرکٹ آپریشنز کے سربراہ شہریار نفیس نے کہا ہے کہ شکیب الحسن کے بنگلا دیش میں کھیلنے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ حکومت کی جانب سے واضح ہدایت ہے کہ کسی کو غیر منصفانہ طور پر ہراساں نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر شکیب الحسن کو ٹیم میں منتخب نہیں کیا جاتا تو وہ صرف انجری یا فارم کی بنیاد پر ہوگا، بصورت دیگر ان کے کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
حکومتی لاء ایڈوائزر بھی شکیب الحسن کی وطن واپسی پر انہیں گرفتار نہ کرنے کی یقین دہانی کرا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا کی ٹیم اکتوبر میں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے بنگلا دیش کا دورہ کرے گی۔ پہلا ٹیسٹ 21 اکتوبر جبکہ دوسرا 29 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔









