اسلام آباد (ویب ڈیسک) یورپی یونین نے پاکستان میں سیلاب، لینڈسلائیڈنگ اور اہم انفرااسٹرکچر کی تباہی کے بعد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 7 لاکھ یورو کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یورپی یونین کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق، یہ امداد خاص طور پر بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ کے متاثرہ علاقوں میں کمزور برادریوں کی فوری ضروریات پوری کرنے کے لیے استعمال کی جائے گی۔
پاکستان میں یورپی یونین کے انسانی ہمدردی کے پروگرامز کی نگران، تاہینی تھمناگوڈا، نے کہا کہ یورپی یونین مون سون کی غیر معمولی بارشوں میں جانی نقصان پر پاکستان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یورپی یونین نے متاثرہ خاندانوں کے لیے امداد فراہم کرنے میں شراکت داروں کو مالی معاونت فراہم کی ہے۔
یہ فنڈنگ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) اور انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز (آئی ایف آر سی) کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔ ایمرجنسی رسپانس میں متاثرہ افراد کو پانی، صفائی ستھرائی، عارضی پناہ گاہ اور ضروری امدادی اشیا کی فراہمی کو ترجیح دی جائے گی۔
یہ امداد 2024 میں یورپی یونین کی جانب سے انسانی امداد اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مختص کیے گئے ایک کروڑ 10 لاکھ یورو کے علاوہ ہے۔
شاہ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر نے پاکستان میں 18 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کے 210 منصوبوں پر عمل درآمد کا ذکر کیا، جس سے کمزور طبقوں کے طرز زندگی میں بہتری آئی ہے۔
اپنی پیشرفت رپورٹ میں ’کے ایس ریلیف‘ نے بتایا کہ ان منصوبوں میں قدرتی آفات کے لیے ہنگامی امداد، غذائی تحفظ، صحت کی دیکھ بھال، تعلیم، اور پناہ گاہوں سے متعلق طویل مدتی اقدامات شامل ہیں۔









