بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملتان ٹیسٹ ، پاکستان نے 500 سے زائد رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف بیٹنگ جاری ہے اور قومی ٹیم نے پہلی اننگز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 552 رنز بنالیے ہیں جس کے بعد پاکستان کی میچ پر گرفت مضبوط ہوگئی۔

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ ملتان میں کھیلا جارہا ہے، جہاں کھیل کے دوسرے روز قومی ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔

پاکستان کی جانب سے دوسرے روز سعود شکیل اور نائٹ واچ مین نسیم شاہ نے 328 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، اس دوران سعود شکیل نے اپنے کریئر کی ساتویں نصف سنچری مکمل کرلی۔

قومی ٹیم کا اسکور 388 تک پہنچا تو نسیم شاہ 33 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ نائٹ واچ مین کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد رضوان بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے جس کے بعد سلمان علی آغا نے سعود شکیل کے ساتھ ملکر اسکور کو آگے بڑھایا۔

قومی ٹیم کی ساتویں وکٹ 450 کے مجموعی اسکور پر سعود شکیل کی صورت گرگئی سعود شکیل 177 گیندوں پر 82 رنز بناکر شعیب بشیر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، جس کے بعد آنے والے آل راؤنڈر عامر جمال صرف 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

464 رنز پر 8 وکٹیں گرنے کے بعد آغا سلمان اور شاہین شاہ نے ٹیم کی کمان سنبھالی، اس دوران سلمان علی آغا نے جارحانہ کھیل جاری رکھا اور انہوں نے نہ صرف اپنی سنچری مکمل کی بلکہ اپنے کیریئر کے 15ویں میچ میں ایک ہزار رنز بھی مکمل کیے۔

سلمان علی آغا اور شاہین شاہ آفریدی نے تیز رفتاری سے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 549 تک پہنچایا تاہم شاہین شاہ آفردی جیک لیچ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ سلمان علی آغا اور شاہین شاہ آفریدی کے درمیان 9 ویں وکٹ پر 99 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

اس وقت پاکستان ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 552 رنز بنالیے ہیں جبکہ سلمان علی آغا 102 اور ابرار احمد ایک رن کے ساتھ کریز موجود ہیں۔

انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 3، گس اٹکنسن، اور برائیڈن کارس نے 2،2 جبکہ شعیب بشیر اور کرس ووکس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹیسٹ میچ کا پہلا دن
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور عبد اللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا تاہم صائم ایوب صرف 8 کے مجموعی اسکور پر 4 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔

صائم ایوب کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد عبد اللہ شفیق اور شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔

شان مسعود اور اوپنر عبداللہ شفیق نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 253 رنز بنائے، 261 کے مجموعی اسکور پر عبداللہ شفیق 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، انہوں نے ٹیسٹ میں اپنی پانچویں سنچری بنائی۔

عبداللہ شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان شان مسعود بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹہر سکے اور صرف 2 رنز کے اضافے کے ساتھ 151 رنز بنا کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 4 سال بعد کیریئر کی 11ویں سنچری اسکور کی جس میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

شان مسعود نے 28 اننگز پہلے انگلینڈ کے خلاف 2020 میں سنچری بنائی تھی جبکہ دوسری مرتبہ انگلینڈ کے خلاف 150 رنز کی اننگز کھیلی ہے۔

پہلے دن کھیل کے اختتام سے کچھ دیر قبل پاکستان کو چوتھا نقصان بابراعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 30 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنالیے تھے تاہم سعود شکیل 35 اور نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود تھے۔

میچ کا ٹاس
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آغاز آج سے ہوگیا، ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان شان مسعود نے کہا کہ بڑے اسکور کی کوشش کریں گے اور اندازہ ہے کہ بڑی دیر سے جیت نہیں سکے، ہمارے پاس ٹیم میں 2 اسپنرز اور 3 فاسٹ بولر ہیں، ہم چیزوں کو تبدیل کر کے ٹریک پر واپس آنا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب انگلش ٹیم کے کپتان اولی پوپ کا کہنا تھا کہ پچ میں نمی موجود ہے لہٰذا جلد وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے، ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کا فیصلہ ہی کرتے۔

یاد رہے کہ انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کی غیر موجودگی میں اولی پوپ ٹیم کی قیادت کررہے ہیں جبکہ بیٹے کی پیدائش کے باعث بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے ڈراپ کیے جانے والے قومی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی پاکستان ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ ملتان میں اب تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک ٹیسٹ جیت چکی ہیں، انگلینڈ سے قبل بنگلا دیش نے پاکستان کو اس کی ہی سرزمین پر 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔

پاکستان کی پلینگ الیون
پاکستان کی پلینگ الیون میں شان مسعود (کپتان)، عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابراعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل ہیں۔

انگلینڈ کی پلینگ الیون
انگلینڈ کی پلینگ الیون میں اولی پوپ (کپتان) زیک کرالی، بین ڈکٹ، جو روٹ، ہیری بروک، جیمی اسمتھ(وکٹ کیپر)، کرس ووکس، گس اٹکنسن، برائیڈن کارس(ڈیبیو)، جیک لیچ اور شعیب بشیر شامل ہیں۔

قبل ازیں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی گئی، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ٹرافی کے ساتھ فوٹو شوٹ کرایا۔